1,446

ڈڈیال عوام کیلئے خوشخبری بیرسٹر سلطان کا بڑا اعلان

ڈڈیال ( عدالت نیوز)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیرکو خودکفالت کی منزل کی جانب گامزن کرنے کے لئے آزادکشمیر میں جہاں حکومتی سطح پر تعمیر و ترقی کے کام کیے جا رہے ہیں وہاں پر اس میں نجی شعبے کو بھی آگے بڑھ چڑھ کر اپنا کردارادا کرنا چاہیے تاکہ آزادکشمیر کو خودکفیل بنانے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام بھی اپنا حصہ ڈال سکے۔ ڈڈیال میں نجی شعبے کی جانب سے جدید سہولتوں سے آراستہ کاروباری مرکز کے قیام کا فیصلہ خوش آئند ہے اس سے جہاں مقامی سطح پر لوگوں کو جدید سہولیات میسر ہوں گی وہاں پر کسی حد تک مقامی سطح پر بیروزگاری کا بھی خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈڈیال میں نجی کاروباری مرکز کے سنگ بنیاد کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب میں وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر مال چوہدری اخلاق احمد، وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاﺅسنگ چوہدری یاسر سلطان ، ممبر کشمیر کونسل شجاع راٹھور اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ میں جب وزیر اعظم تھا تو میں نے اپنے دور حکومت میں جاگراں ہائیڈرو پروجیکٹ سمیت دیگر بڑے پروجیکٹ شروع کروائے تھے تاکہ آزادکشمیر کو خود کفیل بنانے کے لئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔ اب جبکہ آزادکشمیر میں پھر ہماری حکومت ہے تو ہم کوشش کر رہے ہیں جہاں حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے وہاں نجی شعبے کو بھی بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اس سے جہاں عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا وہاں پر بیروزگاری کے مسئلے پر بھی قابو پانے میں مدد ملے گی۔ بعد ازاںصدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈڈیال میں وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق کی رہائش گاہ پرمیڈیا اور سینئر رہنماﺅں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈڈیال میںمیرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کیمپس جلد قائم کر دیا جائے گا تاکہ طلبا و طالبات کو مقامی سطح پر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔ ہم جہاں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے کوشاں ہیں وہاں پر آزادکشمیر کے عوام کی فلاح وبہبود اور اُن کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ میں ڈڈیال کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ اُن کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھی جائے گی اور اُن کے مسائل حل کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ڈڈیال میںوزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق کی رہائش گاہ پر صحافیوں اور سینئر رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر مال چوہدری اخلاق احمد، وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاﺅسنگ چوہدری یاسر سلطان ، ممبر کشمیر کونسل شجاع راٹھور اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب میں مزید کہا کہ آزادکشمیر میں ہم عوام کی سہولت کے لئے ہر طرح کے بہترین اقدامات اُٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند ہو اور ریاست میں خوشحالی کادوردورہ ہو۔ ڈڈیال میں میرپور یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام جلد عمل میں آجائے گا اس سلسلے میں، میں نے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔ڈڈیال میں اس کیمپس کے قیام سے مقامی اور گرد و نواح طلباءو طالبات کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔ یہ کیمپس جلد اپنا کام شروع کر دے گا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ہم آزادکشمیر کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے جائیں۔ ڈڈیال کے عوام کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں