بھارت کے کسی بھی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کی کوشش کی تو زندہ واپس نہیں جائیگا:وزیر اعظم آزادکشمیر

pm-farooq-hedar

مظفر آباد( پی آئی ڈی ) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ آزادکشمیر میں سرجیکل سٹرائیک کر سکے،اگر بھارت کے کسی بھی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبور کرنے کی کوشش کی تو زندہ واپس نہیں جائیگا،آزادکشمیر کے عوام اپنی سرزمین کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی فوج جدید ترین ہتھیاروں کے باوجود نہتے کشمیریوں سے نفسیاتی و عملی جنگ ہار رہی ہے ۔ بھارتی فوج سرجیکل سٹرائیک کے نام پر اپنی قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔آزادکشمیر کے عوام پاکستان کے بلاتنخواہ سپاہی ہیں پاکستانی کی طرف دیکھنے والی ہر میلی آنکھ کو نوچ ڈالیں گے۔بھارت کنٹرول لائن عبور کرنے کی جرات نہیں کر سکتا۔بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے شکست کھا چکی ہے وہ پاکستان کی بہادر افواج سے ٹکر لینے کے ہمت نہیں کرسکتی۔کنڑول لائن پر آبادسویلین کے حوصلے بلند ہیں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے انکے حوصلے پست نہیں ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ،آزادکشمیر کے اندر سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے پروپیگنڈے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت لائن آف کنڑول پر سرجیکل سڑائیک کا پروپیگنڈا کر کے اپنے عوام اور میڈیا کو گمراہ کر رہا ہے۔بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے کہا کہ افواج پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔بھارت کشمیریو ں کی تحریک کو کامیابی سے ہمکنار ہوتے دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکا ہے۔اب وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریو ں کو انکا بنیادی حق ،حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردارادا کرے وزیر اعظم نے کہا کہ اس موقع پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارت کو کشمیریوں پر ظلم وستم سے باز رکھیں۔بھارت کی فوج جدید ترین ہتھیاروں کے باوجود کشمیریوں سے نفسیاتی طور پر جنگ ہار رہی ہے ۔
Scroll To Top