دنیا ،نہتے کشمیریوں اور معصوم بچوں کے قتل اور چیخ و پکار سننے کی کوشش کرے؛ میرواعظ عمر فاروق

Meer waiz

سری نگر(یوا ین پی) کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ حکومت ہند اور اس کے ریاستی حواری ایک منظم منصوبے کے تحت نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کی مہم میں مصروف ہیں ۔میرواعظ آزادی پسند مشترکہ قیادت کی جانب سے عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کیلئے یو این اوچلو پروگرام پر میڈیا سے بات کررہے تھے۔انہوں نے کہا ہماری حق و انصاف کی آواز کو پوری سختی کے ساتھ دبانے کیلئے ظلم و استبداد کے نت نئے طریقے روا رکھ کر گولیوں ، بندوقوں اور پیلٹ گنوں سے پورے کشمیر میں بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔انہوں نے مزیدکہا اب وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ جہاں خود ہمارا دیرینہ کیس موجود ہے ،نہتے کشمیریوں اور معصوم بچوں کے قتل اور چیخ و پکار سننے کی کوشش کرے اور یہاں قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکوانے کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری طور کارگر اقدامات کرے۔ میرواعظ نے کشمیر کے موجودہ حالات کو انتہائی ابتر ، سنگین اور دھماکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اب بھی اقوام متحدہ اس ضمن میں اپنا مثبت کردار ادا نہ کرے تو یہ اس عالمی ادارہ کے وجود پر ایک سوالیہ نشان ہے اور پوری دنیا کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا سرکاری سطح پردہشت گردی ماردھاڑ ، قتل و غارت اور ہر سو خوف و دہشت کا ماحول برپا کر نے کے باوجود قیادت اور عوام کا حوصلہ بے حد بلند ہے اور وہ عزم اور عمل کے ہتھیار سے لیس ہیں اور ہماری پرامن جدوجہد حصول حق خودارادیت تک جاری و ساری رہے گی ۔

Scroll To Top