آوارہ جانوروں کو کنٹرول نہ کرنے اور فرائض میں غفلت مرتب کرنے پر پھاٹک مویشیاں میرپور کا ٹھیکہ منسوخ

awara janwar

میرپور(نامہ نگار)میونسپل کارپوریشن میرپور نے شہر میں آوارہ جانوروں کوکنٹرول نہ کرنے اور روایتی سستی کا مظاہرہ کرنے پر پھاٹک مویشیاں کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا ہے اور ادارہ کے اپنے ملازمین کی ایک پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے کر فیصلہ کیا ہے کہ آوارہ جانواروں کو پھاٹک میں بند کرکے جرمانہ وصول کرنے کے علاوہ مالکان کے خلاف قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو بھی ہر گز معاف نہیں کیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ اعلیٰ میرپور کے ٹھیکیدار نے آوارہ مویشیوں کو کنٹرول کرنے کی بجائے مالکان سے نذرانہ وصول کرکے انھیں پھاٹک میں بند نہ کرنے اور از خود مویشی پال رکھے تھے جس سے شہریوں کو مسائل و مشکلات کا سامنا تھا ۔ سڑکوں پر میویشیوں نے اجارہ داری قائم کر رکھی تھی ۔ ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان نے ان شکایات کے ازالہ کے لیے فوری طور پر ٹھیکہ مویشیاں منسوخ کر دیا ہے اور انسپکٹر شاہد حسین سلہریا کی سربراہی میں ایک ٹیم قائم کر دی ہے جو بلا تخصیص و امتیاز آوارہ جانواروں کو پھاٹک میں بند کرے گی جرمانہ کی وصولی کے علاوہ مویشی مالکان کے خلاف قانونی کاروائی بھی کی جائے گی اوربعد میں کسی کا کوئی بھی عذر قابل سماعت نہ ہو گا ۔ ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان نے کہا ہے کہ میرپور ایک جدید اور خوبصورت شہر ہے لیکن مویشیوں کی افزائش کرنے اور باڑے قائم کرنے والوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے آوارہ مویشیوں کی وجہ سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آتی ہیں حادثات ہوتے ہیں ان مویشیوں کی وجہ سے خطر ناک بیماریاں پھیلتی ہیں ۔ ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پہلے ہی روز پندرہ15 بڑے جانور اور پانچ 5 بکریاں پھاٹک میں بند کر دی گی ہیں ۔
Scroll To Top