ریاستی انتخابات میں عوام کرپٹ آزادکشمیر حکومت کا احتساب اپنے ووٹ سے کریں گے:وفاقی وزیر اُمورکشمیر برجیس طاہر

Barjees Tahir

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے بیٹھک اعوان آباد آزادکشمیرمیں ایک عظیم و شان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیش آمدہ ریاستی انتخابات میں عوام کرپٹ آزادکشمیر حکومت کا احتساب اپنے ووٹ سے کریں گے اور جھوٹے وعدوں اور فریب کی سیاست کرنے والے سیاست دانوں کی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ حلقہ ضمنی انتخابات میں آزادکشمیر حکومت کے وزیروں اور مشیروں کی ٹیم کے جھوٹے وعدوں اور جھانسوں کے باوجود یہاں کی عوام نے مسلم لیگ(ن) کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا اور وہ بنیاد فراہم کی کہ جس کی بنیاد پر مسلم لیگ(ن) پیش آمد ہ ریاستی انتخابات میں کامیاب ہو کر آزادکشمیر میں حکومت تشکیل دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر آزادحکومت نے بلوچ کے حلقے میں بے شما ر ترقیاتی منصوبے اور تقریباً160 کلومیڑ کی سڑکیں بنانے کے اعلان کیے تھے لیکن افسوس کہ یہاں کے حالات آپ سب کے سامنے ہیں اور یہاں پر تعمیر و ترقی کاکوئی کام نہیں ہوا اور اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل وکرم سے مجھے عوام سے کیے ہوئے اپنے وعدے سے سرخرو کیاہے اور میں نے یہاں اس علاقے کی انتہائی اہم شاہراہ پلندری ٹنگی گلہ گراٹاپار سڑک کی تعمیر کا افتتاح کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی سیاست عوام کی خدمت اور وعدوں کی تکمیل کی سیاست چوہدری محمد برجیس طاہرنے کہا کہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر حکومت کو بے پناہ فنڈز مہیا کیے ہیں جن کو آزادحکومت اپنی نااہلی اور کرپشن پر ضائع کر چکی ہے اور عوام کی معیار زندگی بلند کرنے کے بجائے وزیروں ،مشیروں اور ایڈوازیئر کی ٹیم نے اپنا معیار زندگی بلند کرنے پر خرچ کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نااہلی کا یہ عالم ہے کہ جب مرکز میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت تھی تو ERRAکے 55ارب روپے BISP کو دے دیے گیے تو یہاں کے نااہل وزیر اعظم اپنے آزادکشمیر کے ۵۵ ارب روپے نہ بچا سکے۔جب کہ دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت نے مختلف منصوبوں کی مدمیں یہاں کے لیے اربوں روپے مختص کیے ہیں اور آزادکشمیر کو گلگت بلتستان سے ملانے کے لیے شونٹر پاس ،مظفرآباد ریلوے لائن اورموٹروے جیسے منصوبے دیے ہیں یہاں تک کہ آزادکشمیر اسمبلی کی عمارت کی تعمیر کا ذمہ بھی وفاقی حکومت نے اٹھا یا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف محمد نواز شریف کی پرخلوص اور آزادکشمیر سے دلی محبت کا خاصہ ہے کہ انہوں نے مخالف جماعت کی حکومت ہونے کے باوجود یہاں ایسے منصوبے دے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے بیٹھک اعوان آباد کی تین سڑکیں اور ایک 50 بیڈکا ہسپتال بنانے کا بھی اعلان کیا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر نے 22 کلومیٹر طویل پلندری ٹنگی گلہ گراٹا پار سڑک کی تعمیر کے افتتاح کی نقاب کشائی کی اور بعدازاں انہیں ایک بڑے جلوس کی صورت میں پنڈال لے جایا گیا ۔جلسے سے مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر،ایم ایل اے فاروق طاہر،ایم ایل اے ڈاکٹر نجیب نقی نے بھی خطا ب کیا۔
Scroll To Top