ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس فدا حسین کیانی ن لیگ میں شامل ،جائز مقام دیں گے:فاروق حیدر

farooq fida kayani

مظفرآ باد(پی آئی ڈی)آزاد کشمیر کے نامزد وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لیڈر شپ جماعتی کارکنوں کی ڈھال ہو تی ہے ،اگر لیڈر شپ ٹھیک نہ ہو تو کارکن جماعت سے بددل ہو جاتے ہیں ۔ کارکن کسی بھی جماعت کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ۔ لیڈر شپ کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سیاسی جماعتیں ختم ہو جاتی ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے خصوصی نشستوں پر منتخب تمام امیدواران کو قیادت کا مکمل اعتماد حاصل ہے ۔ امیدواران کے انتخاب میں میرٹ کوملحوظ خاطر رکھا گیا ہے ۔وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے بھی تمام امیدواران کو حمایت حاصل ہے ۔فدا حسین کیانی دیرینہ سیاسی کارکن ہیں ان کی شمولیت سے مسلم لیگ ن کو تقویت حاصل ہوئی ،ان کو جائز مقام دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایڈیشنل جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس فدا حسین کیانی کی مسلم کانفرنس چھوڑ کرمسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر ان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ فدا حسین کیانی نظریاتی کارکن ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنے منصب کے ساتھ انصاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ناقص لیڈر شپ کی وجہ سے فدا حسین کیانی اور ان جیسے دیگر کارکن مسلم کانفرنس سے الگ ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں دیرینہ کارکنوں کو ان کا جائز مقام نہ دے سکیں تو ایسی صورت میں کارکنوں کیلئے جماعت سے الگ ہو جانے کا آپشن ہی ہوتا ہے ۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ فدا حسین کیانی بہت اچھے سیاسی کارکن ہیں ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ، انہوں نے ہمیشہ جماعت کے نام کو زندہ رکھا لیکن مسلم کانفرنس کی قیادت نے ان کے ساتھ ناانصافی کی جس کی وجہ سے انہوں نے جماعت سے علیحدگی اختیار کی ۔ انہوں نے فدا حسین کیانی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن میں آپ کو جائز مقام دیا جائے گا ،یہ آپ کیلئے نئی جماعت نہیں بلکہ تمام شناسا چہر ے ہیں جن کے ساتھ آپ کا دیرینہ تعلق ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اچھے اور موزوں امیدواران کا انتخاب کیا ہے اور میرٹ کی بنیاد پر امیدواران کا انتخاب کیا ہے ۔ تمام امیدواران کو وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی مکمل حمایت بھی حاصل ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فدا حسین کیانی نے کہا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی وفات کے بعد میں نے مسلم کانفرنس میں بہت مشکل وقت گزارا ۔ مسلم کانفرنس میں نظریاتی کارکنوں کے استحصال کی وجہ سے پارٹی چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے انتخابات سے قبل ہی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا تھا اور آج میں راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے غیر مشروط طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر رہا ہوں۔ دریں اثناء نامزد وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خصوصی نشستوں پر انتخاب کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا ۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے مثالی کام کیا جس پرچیف الیکشن کمشنراور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جن کی کاوشوں سے آزاد کشمیر میں صاف ، شفاف اور غیر جانبدارانہ ، پرامن انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیرمیں صاف اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں بہتر امیدوار منتخب ہوئے ہیں جس کی وجہ سے آزادکشمیر میں گڈ گورننس ہو فروغ حاصل ہوگا اور ریاست میں تعمیروترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

Scroll To Top