مک مکاؤ کی سیاست کو پروان چڑھانے کیلئے ن لیگ کیلئے چار ممبران اسمبلی نے پی پی کے امیدوارہ کو ووٹ دئیے:سردار عتیق کا انکشاف

sardar atiq

مظفرآبا (بیورو رپورٹ) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے نو منتخب ممبران اسمبلی مسلم کانفرنس ملک نواز، صغیر چغتائی، پی ٹی آئی کے ممبران عبدالماجد خان ، دیوان غلام محی الدین کے ہمراہ مخصوص خواتین نشستوں کے نتائج کے بعد دارالحکومت مظفرآباد میں ہنگامی پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی میثاق جمہوریت مک مکاؤ کی سیاست کی ابتدا کر دی گئی ہے، مک مکاؤ کی سیاست کو پروان چڑھانے کیلئے ن لیگ کیلئے چار ممبران اسمبلی نے پی پی کے امیدوارہ کو ووٹ دئیے، انہوں نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید وزیراعظم کے احسانات کا بدلہ چکانے کیلئے ن لیگ نے غیر جمہوری انداز میں اپوزیشن لیڈر بنانے کیلئے تمام تر کوششوں کا آغاز کر دیا، مسلم کانفرنس اور پی ٹی آئی آزادکشمیر میں حقیقی اپوزیشن ہے راستہ روکنے کیلئے غیر جمہوری اور غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کا جس نے بھی حق غصب کرنے کی کوشش کی اس کا انجام اچھا نہیں رہا، بھٹو نے 1975ء میں بھاری مینڈیٹ لیا تھا لیکن تین سال بعد اس کا انجام دنیا نے دیکھا ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے ممبران اسمبلی نے پی پی کو ووٹ دیکر جمہوریت کا جنازہ نکالا ، سردار عتیق احمد نے کہا کہ میڈم مہر النساء کو ہرا کر کشمیر کے دوسرے حصہ میں کیا پیغام دیا گیا ، سردار عتیق نے سوال کیا کہ پاکستان نواز لیگ مرکزی حکومت، پنجاب حکومت ، جے کے پی پی ، جماعت اسلامی کا اتحاد الیکشن سے پہلے اور اب پی پی بھی اس اتحاد میں شامل ہو گئی ہے، آخر یہ اتحاد ہمارے خلاف بنا ہم ایک سیاسی قوت ہیں تبھی اتنے بڑے بڑے اتحاد ہمارے خلاف بن رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں ایسے تحفظات کے باوجود ہر الیکشن میں حصہ لیا لیکن عددی اکثریت پر جمہوریت کا گلہ گھوٹنے کے نتائج بہتر برآمد نہیں ہونگے، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی لیڈر عبدالماجد خان نے کہا کہ پی پی نے کل تک الیکشن نتائج مسترد کیا لیکن راتوں رات ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ہو گئے، آزادکشمیر میں غلط روایت ڈالی گئی وقت آنے پر اس کا منظر نامہ ہم بھی پیش کرینگے، ن لیگ اور پی پی نے ایک دوسرے کی کرپشن چھپانے کیلئے ایک ہو گئے ہیں، حقیقی اپوزیشن پی ٹی آئی اور مسلم کانفرنس کی ہے اور دونوں جماعتیں متحد ہیں۔ آزادکشمیر کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہینگی۔ اس موقع پر ممبر کشمیر کونسل مختیار عباسی، سابق ڈپٹی سپیکر و سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس محترمہ مہر النساء سابق امیدوار اسمبلی راجہ ثاقب مجید، میر عتیق الرحمن، افتخار رشید، واجد بن عارف، افشاں سعید ایڈووکیٹ، کوثر پروین ایڈووکیٹ، ہارون آزاد، میر رضوان الرحمن ایڈووکیٹ و دیگر کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔

Scroll To Top