ہم انصاف کریں گے انتقام نہیں لیں گے،اولین فرصت میں بلدیاتی انتخابات کرواکر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کریں گے:فاروق حیدر کا اعلان

Farooq Hedar

مظفرآباد (پی آئی ڈی)آزادکشمیر کے نامزد وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سے ناانصافی،کرپشن اوربدعنوانی کو ختم کرکے دم لیں گے ۔ اولین فرصت میں بلدیاتی انتخابات کرواکر اقتدار نچلی سطح پر منتقل کریں گے۔ہم انصاف کریں گے انتقام نہیں لیں گے۔ ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائیگا۔میاں محمد نوازشریف کی ہدایت پرآزادکشمیر میں ایسی مثالی کارکردگی دکھائیں گے جس کی بنیاد پر پاکستان میں آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی یقینی ہوگی۔تحریک آزادی کشمیر ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیری اقوام متحدہ کی جانب سے دئیے گئے حق خودارادیت کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے۔مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کے انکی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔عوام کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔ایسا اقتدار نامنظور ہے جس میں ناانصافیاں،کرپشن اور میرٹ کی پامالی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعظم آزادکشمیر نامزد ہونے کے بعد دارالحکومت مظفرآباد پہنچنے پر کارکنوں کے ایک فقیدالمثال اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی بدترین ناکامی کی سب سے بڑی وجہ انکی کرپشن ،ناانصافی اور اداروں کی تباہی ہے۔عوام نے ہمیں انصاف کرنے کے لیے منتخب کیا ہے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اور پارلیمانی پارٹی کے اراکین کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور مجھے قائد ایوان کے لیے نامزد کیا۔جماعت اسلامی، جموں وکشمیر پیپلز پارٹی ،لبریشن لیگ ،جعفریہ سپریم کونسل اور دیگر تمام مکاتب فکر کابھی شکرگزار ہوں جنہوں نے انتخابات میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا اپنے منشور اور وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ۔کرپشن اور بدعنوانی کی وجہ سے اداروں کو کمزور کر دیا گیا ہے انکو ٹھیک کرنا ہوگا۔ ریاست اور عوام کی بہتری کے لیے سخت فیصلے کرنے پڑیں گے لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔وزیر اعظم پاکستان نے آزادکشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی فقید المثال کامیابی پر وافر فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے جس سے آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہوگا اور عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔میں آپ کا وزیر اعظم نہیں بلکہ خادم بن کر کام کروں گاکارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ میرا ساتھ دیں۔

Scroll To Top