بھارتی حکمران کشمیریوں کی تحریک کو کامیابیوں سے نہیں روک سکتے،کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہو نے والا ہے:چوہدری مجید

582004-ChaudhryAbdulMajeedAFP-1374818582

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کی گرفتاری، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے نفاذ اورمقبوضہ کشمیر میں اشیا ء خوردو نوش کی قلت پیدا کرنے پربھارتی حکمرانوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بھارتی حکمران جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی تحریک کو کامیابیوں سے نہیں روک سکتے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بھارت کے قابض وغاصب حکمرانوں کوریاستی عوام کے حقوق ریاستی ہتھکنڈوں کے ذریعے دبانے سے باز رکھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں زندگی بچانے والے ادویات اور اشیا خوردنوش کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کرے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تاریخ کی لازوال قربانیاں دے کرکشمیر ایشو کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے۔اب بھارتی حکمران کچھ بھی کرلیں وہ ریاستی عوام کی تحریک کو اب دبا نہیں سکیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر اقوام عالم کی توجہ مبذول کرانے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک گیر ہڑتال کی کال دی جارہی ہے جس میں آزادکشمیر سمیت بیرون ممالک کشمیری احتجاجی ریلیاں نکا ل کربھارتی حکمرانوں کی جارحیت و بربریت سے اقوام عالم کو آگاہ کریں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت کے قابض وغاصب حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کررکھا ہے اور قا بض بھارتی پیرا ملٹری فورسز انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کررہی ہے بھارتی پیرا ملٹری فورسز نے کشمیریوں کی منظم نسل کشی شروع کررکھی ہے اور نہتے بے گناہ کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اقوام عالم کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ مہذب دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائے اورمقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کا حق دلائے اور مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلائے#

 

Scroll To Top