بھارت کشمیر میں مظالم بند کرے ورنہ خطہ خولناک ایٹمی جنگ کی تباہی سے برباد ہو جائے گا:چوہدری مجید

582004-ChaudhryAbdulMajeedAFP-1374818582

مظفرآباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے بین الاقوامی دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کے قتل عام کو بند کروائے اور کشمیریوں کو گھروں میں بند کرنے کے لئے کرفیو سمیت دیگر کالے قوانین کا خاتمہ کروائیں ۔اگر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی دنیا نے بھارتی حکمرانوں کی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس نہ لیا تو جنوب ایشیا ء میں ہولناک ایٹمی جنگ کے امکانات ختم نہیں ہونگے۔حق خودارادیت کشمیریوں کا مسلمہ حق ہے جو بین الاوامی سطح پر تسلیم شدہ ۔حق خودارادیت کے حصول ہماری منزل اور تحریک آزادی کشمیرہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے ۔ تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی کے لیے آزادخطہ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھرپور کردار کیا ۔پانچ سالوں میں آزادخطہ کی تعمیروترقی اورخطہ کی خوشحالی کے لیے میگاپراجیکٹس لگائے ۔آزادخطہ میں پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت نے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پرحل کئے ہمارے ترقیاتی منصوبہ جات اور حکومتی کارکردگی کو روکنے کے لئے وفاق نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کرکے کشمیریوں کے ضمیروں کو خریدا گیا ۔وفاق میں ن لیگ کی حکومت نے جس طرح آزاد کشمیر کے الیکشن کروا کر ن لوگ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا ہے یہ انتخابات انہیں زیادہ دیر ہضم نہیں ہونگے۔ ۔وزیراعظم آزاد کشمیر یہاں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں پارٹی ویژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے ۔آزادکشمیر میں گڈگورننس کا قیام، قانون وآئین کی حکمرانی،رشوت کا خاتمہ اوربیس کیمپ کے خطہ کومثالی خطہ میں بدلنامیری حکومت کی ترجیحات رہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری بہترحکمت عملی کے باعث خطہ کے سیاسی کلچر خوشگوار رہا۔ انھوں نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ تحریک آزادی کشمیرکی کامیابی کے لیے پوری کشمیرقوم ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتحاد واتفاق کا عملی مظاہرہ کرے تاکہ گذشتہ 69سالوں سے بھارتی ظلم وستم کا نشانہ بننے والے نہتے کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے آزادی مل سکے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کشمیرکی امنگوں اورامیدوں کا محوراورمرکز ہے اور کشمیری پاکستان سے جذباتی وابستگی رکھتے ہے اور پاکستان کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور آزادی کی منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ اس ملک کی سلامتی کے لیے مسلح افواج نے گراں قدر قربانیاں دی ہیں جن کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہو ں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پاکستانی بھائیوں اور مسلح افواج کے ساتھ ملک کی سلامتی و سالمیت کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان تک قربان کر دی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کے اندر کسی بھی صورت جمہوری نظام کو غیر مستحکم ہوتا دیکھنا نہیں چاہتی۔پیپلز پارٹی پاکستان میں جمہوریت کیلئے پہرہ دے رہی ہے ۔ انشاء اللہ پاکستان امن کا گہورا بنے گا اور مقبوضہ کشمیر بھی بھارت کے چنگل سے آزاد ہوگا ۔

 

Scroll To Top