آزاد اسمبلی کی خصوصی نشستوں پر انتخاب کیلئے شیڈول جاری،28کو پولنگ ہو گی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر نے آزا جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی آٹھ مخصو ص نشستوں( جن میں سے پانچ نشستیں برائے خواتین، ایک علماء دین یا مشائخ ، ایک نشست برائے باشندگان ریاست جموں و کشمیر مقیم بیرون ملک اور ایک نشست برائے ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفشنلز کے لیئے مختص ہے) کے انتخاب کے لیئے میاں نعیم اللہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ریٹرننگ آفیسر جبکہ مسٹر محمد اشفاق اسسٹنٹ الیکشن کمشنر (انتظامیہ) کو پولنگ آفیسر مقرر کرتے ہوئے الیکشن شیڈول جاری کر دیا ہے ۔جس کے مطابق مورخہ 24-07-2016 کو صبح 9بجے تا دوپہر 2بجے سیکرٹری الیکشن کمیشن (ریٹرننگ آفیسر)کے دفتر بلاک نمبر 06(گراؤنڈ فلور )سول سیکرٹریٹ چھتر مظفرآباد میں کاغذات نامزدگی داخل کروائے جائیں گے اور مورخہ25-07-2016ء کو صبح 10بجے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی ۔ مورخہ 25-05-2016کو ہی شام 5-00 بجے تا رات 10-00 بجے کاغذات کی منظوری / استرداد کے خلاف جناب چیف الیکشن کمشنر کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکتی ہیں ۔ مورخہ 26-07-2016 کو جناب چیف الیکشن کمشنرصبح 10-00 بجے سے 12-00 بجے دوپہر تک اپیلوں کی سماعت کریں گے اور اسی روز 12-00 بجے دوپہر تا 4-00 بجے سہ پہر اپیلوں کے فیصلہ جات ہوں گے ۔ مورخہ 27-07-2016 کو 12-00 بجے دوپہرتک کاغذات نامزدگی واپس لیئے جاسکتے ہیں اور مورخہ 28-07-2016 کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لاجنگ ہال میں پولنگ ہوگی۔انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران کے لئے آزاد جموں وکشمیر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی (الیکشنز) آرڈیننس 1970 کی رو سے اہلیت اور نااہلیت کے لئے وہی شرائط ہیں جو اسمبلی کا رکن منتخب ہونے اور رکن رہنے کے لئے ہیں۔اس کے علاوہ متذکرہ بالا انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کے لئے ضروری ہے کہ وہ بمطابق نمونہ اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا کر رسید حاصل کرے ۔کاغذات نامزدگی داخل کراتے وقت کاغذات نامزدگی کے ساتھ امیدوار اپنے انتخابی علاقہ جس کی انتخابی فہرست میں اس کا نام درج ہو اور میٹرک کی سند کی مصدقہ نقل نیز الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اپنے اثاثہ جات کی رسید شامل کرناہوگی۔امیدوار کے کاغذات نامزدگی کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر قانون سازا سمبلی کا رکن ہو۔ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات نامزدگی امیدوار خود یا اس کا تجویز کنندہ یا تائید کنندہ داخل کروا سکتا ہے۔ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران امیدواران ،ان کے تجویز کنندگان اور تائید کنندگان اور ہر ایک امیدوار کی جانب سے تحریری طورپر مقرر کردہ ایجنٹ حاضر ہوسکتے ہیں۔یہ بات الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ایک پریس ریلیز میں بتائی۔

 

Scroll To Top