وزیر اعظم کی کال پر آج ریاست بھر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی ریلیاں نکالی جائیں گی

582004-ChaudhryAbdulMajeedAFP-1374818582

میرپور(کے این آئی)وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کی منظم نسل کشی پر بھارتی حکمرانوں کے خلاف یوم سیاہ کی کال دیدی۔ 15 جولائی آزادکشمیراور دنیابھرمیں آباد کشمیری عوام بھارت کے خلاف احتجاجی جلسے جلوس منعقد کریں گے اور اقوام عالم کی توجہ مقبوضہ کشمیرکی طرف دلوائیں گے اور جلسے جلوس ریلیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیر نے انٹرنیشنل کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت حریت قیادت کی گرفتاریوں ، بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے عوام پرفائرنگ کا سختی سے نوٹس لیں اور بھارت کے قابض اور غاصب حکمرانوں کو ریاستی دہشت گردی سے ریاستی عوام کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت بھی جان لے کے ریاستی دہشت گردی اور جبروتشدد کے ہتھکنڈے ریاستی عوام کو منزل سے دورنہیں رکھ سکتے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کشمیریوں کے حقوق کے حوالے سے جرات مندانہ موقف اختیار کرنے پرآرمی چیف جنرل راحیل شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ پاک افواج اہل کشمیر کی عزت وناموس کی محافظ ہے۔ پاک فوج کو سلام کرتے ہیں جو20 ہزار فٹ کی بلندیوں پرکشمیریوں کو تحفظ دیے ہوئے ہیں۔ اہل کشمیر پاک افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ہرقسم کی قربانی کاعزم رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیرکے حوالے سے جرات مندانہ موقف اپنائے اور کشمیرایشو کوفوکس کرے۔ پاکستان ٹیلی ویژن ن لیگ کی تشہیری مہم کی بجائے کشمیریوں کے لہوکو اجاگر کرے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کشمیرایشوکے حوالے سے جوجرات مندانہ اورحقیقت پسندانہ موقف اختیار کیاہے اس نے بھارتی اقتدار کے ایوانوں کو ہلاکررکھ دیاہے۔ بلاول بھٹو کے خطاب سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد کونیاجوش وولولہ ملا۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری شہداء کا لہورائیگاں نہیں جاسکتا ہم کشمیری شہداء کے وارث ہیں۔ ہربین الاقوامی فورم پرکشمیرایشوکواجاگرکرتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سنگینیوں تلے پاکستان کا پرچم بلند کررہے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ بھارتی حکمران اب ریاستی عوام کی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے۔

 

Scroll To Top