21جولائی کو بے گھر سیاسی مسافرکے تابوت میں آخری کیل ٹھوک دیں گے:چوہدری سعید

Ch Saeed

میرپور (نامہ نگار) مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما اور حلقہ ایل اے تھری میرپور سے امیدوار اسمبلی چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ ن لیگ کے مخالفین آزاد خطہ کی تعمیر وترقی کے راستے اپنی بد معاشی اور غنڈہ گردی سے روکنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہو کر انتخابات کو خونی بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ لیکن آزاد خطہ کے پر امن اور باشعور عوام اب کی بار سیاسی مسافروں اور تعمیروترقی اور عوامی خاشحالی کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکٹر ایف ون ،سی ٹو، نیوسٹی سیکٹر ایف ،جادہ میں انتخابی دفاتر کے افتتا ح اور چونگی نمبر 4 ، جادہ، ای ون ، سی ٹو، نیوسٹی سیکٹر اے اور ایف میں کارنر میٹنگ سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ان مواقوں پر ای ون میں سردار رازق اور سردار سرمد، جادہ میں چوہدری محمد رفیق، چوہدری رزاق، چوہدری رشیدجیالی،سی ٹو میں راجہ قیوم ، سردار رازق، شجاع حید ر لودھی، حاجی افتخار خادم، نیوسٹی میں راجہ محمد علی،حاجی زمان، راجہ محمد قدیر، تسلیم انجم، راجہ ظفر ، نہیب ٹھاکر، آیان قادری، خواجہ منیر لون، ڈاکٹر آمین چوہدری، نعمت شہزاد، عشرت سجاد اورنیوسٹی سیکٹر اے میں نزاکت حسین شاہ، الطاف شاہ، قاضی محمد شوکت اور مرزا جہانگباز نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری محمد سعید امیدوار اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپور کے باشعور عوام کی اکثریت نے ن لیگ کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ اور پی ٹی آئی کی روزانہ کی بنیاد پر وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری ہے اسی طرح پی پی پی امیدوار بھی گھر تک محدود ہو کررہ گیا۔ اور اب21 جولائی کو ن لیگ کے حق میں رسمی کاروائی ہونا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادخطہ میں آئندہ ماہ ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کی حکومت راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں ہی قائم ہو گی اور وزیر اعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق آزاد خطہ کو حقیقی ماڈل اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کے اقدامات اٹھا کر عوامی محرومیوں کا ازالہ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر سیاسی مسافر کو سیاسی تابوت میں 21 جولا ئی کو عوام آخری کیل ٹھوکنے کے لیے کمر بستہ ہو چکے ہیں جبکہ میرپور کو حقیقی معنوں میں ماڈل سٹی بنانے کے لیے تمام جدیدسہولیاتسے آراستہ کرنا ن لیگ کا مشن ہے۔ اور اس کی تکمیل کے لیے کوئی کوتاہی ہر گز نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی انتخابی مہم کو رمضان میں آخری افطاری قرار دیکر انتخابی مہم کارکنوں نے حوالے کرنے کا اعلان کرنے والے سیاسی مسافر اب شہر کے مختلف حصوں کے گلی محلوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ اور بیشتر جگہوں سے انھیں جواب میں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ہر سال ممبر اسمبلی کی حیثیت میں 25 کلومیٹر سڑکوں کا بجٹ اور پانی، بجلی، گیس کی عدم دستیابی پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لیکن عوامی مسائل ن لیگ کی حکومت ہی حل کرے گی۔

 

Scroll To Top