سابق ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ مقصود آسی و دیگر چوہدری سعید کے قافلے میں شامل

Ch saeed

میرپور (نمائندہ خصوصی) سابق ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ مقصود حسین آسی نے انصاری برادری کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں 21 جولائی کو ہونیوالے انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حلقہ ایل اے تھری میرپور چوہدری محمد سعید کی حمایت کا اعلان کر دیا۔جبکہ پی ٹی آئی میرپور کے بانی رہنما سرفراز محمود مغل اور پی ٹی آئی نیوسٹی سیکٹراے کے رہنما راجہ نثار احمد عرف پیا نے بھی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے میرپور سے چوہدری محمد سعید کو کامیاب کرانے کے عزم کا اظہار کر دیا۔اس بات کا اعلان ان رہنماوں نے مسلم لیگ ن سیکرٹریٹ میرپور میں الگ الگ پریس کانفرنس کے دوران کیا جس میں ن لیگی امیدوار چوہدری محمد سعید اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امیدوار اسمبلی چوہدری محمد سعید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت اور حمایت کا اعلان کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ انھیں ن لیگ میں باعزت مقام دیتے ہوئے ان کی عزت نفس کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جو ق در جوق جسطرح عوام اور سیاسی شخصیات ن لیگ میں شامل ہو رہی ہیں۔ اس سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ عوام مستند سیاسی مسافر سے تنگ آچکے ہیں اور اب ان انتخابات میں اسے ہمیشہ کے لیے سیاسی قبرستان میں دفن کرنے کی ٹھان چکے ہیں جو صرف انتخابات کے دو تین ہفتوں میں ہی میرپور کے گلی محلوں کے طواف کرتے ہوئے نظر آتے ہیں اور پانچ سال صرف فلائنگ وزٹ پر ہی میرپور آکر ریسٹ ہاوس میں قیام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپور کو مسائلستان بنانے کے مرکزی کردار مقامی ممبر اسمبلی ہیں جو سات مرتبہ عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچا چکے ہیں اور اب کی بار عوام کسی مسافرکے جھانسے میں نہیں آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھاندلی خان کو پنجاب میں 10 فیصد سے بھی کم ووٹ ملے ہیں اور وہ ملک کی تعمیر و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں اور آزاد خطہ کے عوام اپنے خطے کی تعمیر و ترقی میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دینگے ۔ پاکستان نے معاشی ترقی میں ٹیک آف کر لیا ہے۔اور 21 جولائی کے بعد آزاد کشمیر میں بھی ن لیگ کی حکومت اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے تیز رفتارترقی کی بنیاد رکھے گی۔ اور آزاد خطہ کو حقیقی ماڈل اسٹیٹ میں تبدیلی لا کر عوام کو ماضی کے مقابلہ میں ریلیف فراہم کریگی۔ قبل ازیں چوہدری محمد سعید نے سیکٹر بی فور ، چترپڑی، سنگھوٹ ، بندرال، بی فائیو، جی ون، ایف ون میں کارنرمیٹنگ اور مختلف انتخابی دفاتر کا چترپڑی اور سنگھوٹ میں افتتا ح کرنے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 جولائی کا دن تجدید عہد کا دن ہے اور اس دن ہم کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو بھارتی قابض افواج کے ظلم و بربریت کے باوجود پاکستانی پرچم لہر ا کر الحاق پاکستان اور کشمیر کی آزاد ی کا نعرہ فاتحانہ بلند کرر ہے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کے دلوں سے آزاد ی کا جذبہ ہرگز سرد نہیں کر سکتا بلکہ کشمیر ی عوام آزاد ی او الحاق پاکستان کے حصول تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ ان اجتماعات سے ن لیگی رہنما ڈاکٹر آمین ، حاجی افتخار خادم، نعمت شہزاد، چوہدری مطلوب، چوہدری حنیف، راجہ علی عبداللہ، خالد بٹ، آصف ڈار، خواجہ سلیم، عشرت سجاد، راجہ عطااللہ، فاروق میر، راجہ قیصر، بشیر ضیائی، جاوید الرحمن، محمد اسلم مغل، محمد صادق قریشی، اسرار قریشی، اکرم بیگ، عبدالغفورقریشی، محمد صادق قریشی، حاجی عبداللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد سعید ہی ان کے ووٹ کے اصل حقدار ہیں اور 21 جولائی کو کامیابی چوہدری محمد سعید کا مقدر بنے گی۔

 

Scroll To Top