چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس، انتخابات کو آزادانہ ، اور پرامن بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جانے کا فیصلہ

sikandar sultan raja

مظفرآباد(پی آئی ڈی)چیف سیکرٹری آزادکشمیر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مورخہ21جولائی 2016کو منعقد ہونے والے انتخابات کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس گزشتہ روز چیف سیکرٹری آفس میں منعقد ہوا جس میں انتخابات کو آزادانہ ،منصفانہ،غیرجانبدار اور پرامن بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹریز صاحبان، ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن کے آفیسران نے شرکت کی۔اس موقع پر الیکشن کے جملہ انتظامات کے علاوہ ضلع حویلی میں ہونے والے ناخوشگوار واقع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیگرتمام اضلاع میں الیکشن مہم کے دوران مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ آئندہ اس طرح کا کوئی واقع پیش نہ آئے۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر نے کہا کہ پولنگ کے دوران امن وامان کی صورتحال کو بحال رکھنے کے لیے فوج سے 17000 جوانوں جبکہ فرنٹیئر کانسٹیبلری سے4000 ،پنجاب کانسٹیبلری سے 4000 ، خیبرپختونخواہ پولیس سے 2000 افسران اور جوان تعینات کیے جائیں گے جبکہ آزادکشمیر پولیس سے 5200 افسران اور جوانوں پر مشتمل نفری انتخابی عمل کے دوران موقع پر رہ کر امن وامان کو یقینی بنانے کے فرائض سرانجام دے گی۔انتخابی عمل کے دوران پریذایڈنگ آفیسران اور فوج کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کہ05جولائی 2016سے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان اسلام آباداور الیکشن کمیشن آفس راولپنڈی کو آرمی اور پولیس نے اپنی حفاظت میں لے رکھا ہے جبکہامن وامان کے قیام کے لیے انتخابی عمل پر مامور قانون نافظ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہونے کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہاآزادکشمیر بھر کے تقریباً 4459پولنگ سٹیشنز پرانتخابات کے لیے متعلقہ ریٹرنینگ افسران کو پولنگ میٹریل اور 7000بیلٹ بکسز پہنچا دئیے گئے ہیں جبکہ مہاجرین کے حلقہ جات کے1087پولنگ سٹیشنزکے لیے بیلٹ بکسز اور پولنگ میٹریل بھی پہنچایا جا رہا ہے جبکہ بیلٹ پیپرز کو پرنٹنگ پریس سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرنینگ آفیسرز تک آرمی وپولیس کی کڑی نگرانی میں پہنچایا جائیگا۔اس موقع پرچیف سیکرٹری آزادکشمیرنے انتخابات کے عمل کو پرامن بنانے کے لیے انتظامی آفسران اور انتخابات سے متعلقہ افسران کو ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی کے لیے مطلوبہ ضروری احکامات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ مجاز حکام کو انتخابات کو آزا دانہ ، غیر جانبدارانہ اور پرامن بنانے کے لیے ہر ایک سے متعلق امور کی انجام دہی کو بروقت اور کماحقہ انجام دینے کے لیے ضروری احکامات بھی صادر کیے۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ سارے انتخابی عمل کی نگرانی اور انتخابات کو آزادانہ،منصفانہ ،غیرجانبدارانہ اور شفاف بنانے کے لیے جملہ قانون نافذ کرنے والے ادارہ جات سے باہم رابطہ میں رہنے کے لیے مرکزی سطح پر سیل قائم کرنے کے علاوہ ڈویثرنل اور اضلاعی سطح پر بھی ذیلی دفاتر قائم کیے جانے کا فیصلہ ہوا۔اس موقع پریہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کی موثر میڈیا کوریج کے لیے محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کے زیر اہتمام دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی میڈیا سیل قائم کیا جا رہا ہے جبکہ ڈویثرن کی سطح پر بھی میڈیا سیل قائم کیے جا رہے ہیں جو کہ انتخابات سے متعلق معلومات کی منظم اور بھرپور انداز میں تشہیر کے ذمہ دار ہونگے۔ یہ میڈیا سیل انتخابات کے اختتام تک ہمہ وقتی کام کریں گے۔

 

Scroll To Top