آزاد کشمیر الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے پاک فوج کے17000جوان تعینات کرنے کی منظوری،اختیارات آزاد حکومت کے سپرد

pak army

مظفرآباد (پی آئی ڈی)آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ عام انتخابات کو شفاف ،آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے اور امن و امان قائم رکھنے کیلئے پاک فوج کے تقریباً 17,000افسران و جوان نیز فرنٹیئر کور، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پنجاب کانسٹیبلری کے ہزاروں جوان تعینات ہوں گے۔آزادجموں و کشمیرکابینہ کے 24؍جون 2016 ؁ء کے فیصلہ اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ مطالبہ کی روشنی میں آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی تحریک پر پاک فوج نے آئندہ عام انتخابات کو آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف بنانے اور پولنگ کے موقع پر آزادکشمیر میں مثالی امن و امان قائم کرنے کیلئے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی ہر ممکن معاونت کیلئے رضامند ی دے دی ہے۔پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان پریس اسلام آباد (جہاں پر تمام 41حلقوں کے بیلٹ پیپر پرنٹ ہورہے ہیں )کو پاک فوج کے جوانوں کی بھاری نفری نے 4دن پہلے ہی اپنی حفاظت میں لے لیا ہے۔ پاک فوج کے تقریباً 17,000افسران اور جوان انتخابی عملہ اور پولنگ اسٹیشنز کی حفاظت کیلئے مامور کئے جائیں گے۔ جبکہ فرنٹیئر کور ، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پنجاب کانسٹیبلری کے ہزاروں جوانوں کی خدمات بھی امن و امان کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے آزادکشمیر حکومت کے سپرد کی جائیں گی۔الیکشن کمیشن نے بھمبر ، میرپور ، کوٹلی اورپلندری کے متعلقہ ریٹرننگ آفیسران کو 14؍جولائی کو پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان پریس میں طلب کرلیا ہے۔ جہاں فوج اور پولیس کی حفاظت میں ان کے اضلاع کے بیلٹ پیپرز ان کے سپرد کئے جائیں گے۔جبکہ ضلع پونچھ ، حویلی، باغ، ہٹیاں بالا، مظفرآباد اور نیلم کے حلقہ جات کے ریٹرننگ آفیسران کو مورخہ 15؍جولائی 2016 ؁ء کو پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان پریس اسلام آباد میں پاک فوج اور پولیس کی حفاظت میں بیلٹ پیپرزان کے سپرد کئے جائیں گے۔گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، گجرات، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی اور پشاور کے اضلاع میں تعینات جموں ودیگر اور وادی کشمیر کی کیٹگریز کے 8قریبی انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ افسران کو پاک فوج اور پولیس کی نگرانی میں الیکشن کمیشن کے راولپنڈی آفس بمقام اولڈ پونچھ ہاؤس پولنگ میٹریل معہ بیلٹ پیپرز سپرد کیا جائے گا۔ جبکہ سندھ و بلوچستان کے صوبوں ، جنوبی پنجاب کے دور افتادہ اضلاع اور صوبہ خیبر پختونخواہ کے دور افتادہ اضلاع مثلاً چترال ، دیر، سوات وغیرہ میں جموں ودیگر اور وادی کشمیر کے انتخابی حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز کیلئے بیلٹ پیپرز و دیگر پولنگ میٹریل سمیت پولنگ بیگز الیکشن کمیشن اور پاک فوج کی نگرانی میں پیک (سربمہر) کرکے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو الگ انتظام کے تحت ارسال کئے جائیں گے جو اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کے دفتر میں وصولی کے بعد پاک فوج کے مقامی نمائندگان کی موجودگی میں پریزائیڈنگ افسران کے سپرد کئے جائیں گے۔یہ بات آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گئی۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ الیکشن کمیشن پاک فوج ،آزادکشمیر کی مقامی انتظامیہ نیز الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے آئندہ عام انتخابات کو مثالی حد تک دھونس دھاندلی سے پاک آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اُٹھائے گا۔

 

Scroll To Top