جماعتیں تبدیل کرنے والے اگلی تیاری کریں،الیکشن میں ان کی نشست بھی نہیں رہے گی:وزیر اعظم

Pm Majeed

میرپور؍خالق آباد(کے این آئی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجیدنے کہاہے کہ عوام سے غداری کرنے والے اپنے انجام سے بچ نہیں سکتے۔ انتخابات میں عوام ان کا حساب برابر کردیں گے۔پیپلزپارٹی عوامی طاقت کا نام ہے۔ پیپلزپارٹی سے بے وفائی کرنے والے ساری زندگی اقتدار کے لیے ترستے رہیں گے اور اقتداران کے نصیب سے خارج ہوچکاہے۔ پیپلزپارٹی متحد ومنظم اور ہمالیہ سے بڑی قوت بن چکی ہے۔ بڑھکیں مارنے والوں کو انتخابات میں اپنی اوقات کا اندازہ ہوجائے گا۔ ن لیگ کی سیاست پانامہ سکینڈل کی نذرہوچکی ہے۔ جماعتیں تبدیل کرنے والے اگلی جماعت کی تیاری کرلیں۔ اس انتخابات میں ان کی ایک نشست بھی نہیں رہے گی۔ بلاول بھٹو کے جلسوں نے آزادکشمیرکی سیاست کا رخ تبدیل کردیا ہے ۔ پارٹی میں بڑاجوش وخروش پایاجارہاہے۔ عوام کی فلاح وبہبود ہماری سیاست کا محورومرکز ہے جس پرمشینری جذبے سے عمل پیرا ہیں۔ عوام کی فلاح وبہبود پارٹی لیڈرشپ کا ویژن اور منشور ہے جسے عملی جامع پہنارہے ہیں۔ آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے عوامی ترقی وخوشحالی کے لیے جومیگاپراجیکٹس دیئے ۔ ان کے باعث عوام کااستحصال کرنے والے اقتدار پرستوں کی نیندیں اب حرام ہوگئی ہیں ۔ ان کی ہچکولے کھاتی سیاست کوکوئی نہیں بچاسکتا۔ مصنوعی بیساکھیوں اور منفی گٹھ جوڑ پیپلزپارٹی کاراستہ نہیں روک سکتے۔وفاقی وزراء بے لگام گھوڑے ہیں جن کو ریاستی تشخص ، تہذیب وتمدن کاکوئی خیال نہیں۔ان خیالات کااظہارانھوں نے خالق آباد ، چترپڑی اورایف ٹو میں مرزاجاوید اقبال کی طرف سے بلاول بھٹو کے جلسہ کے حوالے سے مشاورتی اجلاسوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمشیرحکومت شوکت راجہ ایڈووکیٹ،وزیراعظم کے مشیر راجہ نیاز خان، سابق امیدواراسمبلی مرزا افضل جرال، سٹی جنرل سیکرٹری چوہدری فرید انورایڈووکیٹ، حاجی شیرمحمد، جنید مالک،ندیم قاسمی، چوہدری جہانذیب اختر، مرزاعاشق جرال، سابق صدر بار کامران طارق ایڈووکیٹ، انجمن تاجراں کے چوہدری محمود، راجہ ذوالفقارذلفی، مرزا محمد ریاض، صغیرجاگل، مرزاگلزار، ایڈمنسٹریٹر ٹاؤن کمیٹی خالق آباد مرزااعجازبیگ، ملک کرامت ، رفیق بھٹی ، راجہ جہانذیب جانی کے علاوہ دیگرافراد بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کارکنان سے کہاکہ وہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ کوکامیاب کرنے کے لیے پوری قوت کے ساتھ جلسہ گاہ میں آئیں اور ثابت کریں کہ اہلیان میرپور پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم کے مشیربرائے اوورسیز زاہدمغل کی قیادت میں تارکین وطن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پاکستان اہل کشمیرکی منزل ہے۔ اہل کشمیرنے قیام پاکستان سے قبل اپنی محبت پاکستان سے وابستہ کررکھی ہے۔ کشمیرکے بغیرپاکستان نامکمل ہے۔ کشمیراورپاکستان لازم وملزم ہیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیرایشو ہمارے لیے زندگی اورموت کا مسئلہ ہے۔لاکھوں کشمیریوں نے تاریخ کی لازوال قربانیاں دی ہیں۔ کشمیرایشوکوفلیش پوائنٹ بنادیاہے ۔ کشمیری شہداء کا لہورائیگاں نہیں جاسکتا۔ بیس کیمپ کی حکومت کشمیری شہداء کے لہوکورائیگاں نہیں جانے دے گی۔ مشیرحکومت شوکت راجہ ، پولیٹیکل سیکرٹری عامرذیشان ، تارکین وطن راہنما غلام فرید عوامی ودیگر شامل تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزاد کشمیرہمارے آباؤاجداد نے ڈوگرہ مہاراجہ کے شخصی نظام کے خلاف بغاوت کرکے آزادکروایا۔ بیس کیمپ کی حکومت عوام کے حقوق کی محافظ ہے۔ عوامی حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ بیس کیمپ کے تشخص کوکبھی پامال نہیں ہونے دیں گے۔ بیس کیمپ میں وفاقی وزراء کی یلغار کوناکام بنادیں گے اور بیس کیمپ میں دھونس دھاندلی کے ذریعے حکومت قائم کرنے کے ان کے تمام خواب چکناچورکردیں گے۔
Scroll To Top