صدر یعقوب خان سے سپیکر آزاد کشمیر سردار غلام صادق کی ملاقات، آمدہ انتخابات ، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

President ajk Pic 12-04-2016(2)

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمدیعقوب خان سے سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر سردار غلام صادق کی ملاقات ، آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال آمدہ انتخابات ، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ انتخابات کو پر امن شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے ریاست کی اخلاقی قدروں ، باہمی احترام کو مقدم رکھا جائے ۔ اور ایک دوسرے کے خلاف نازیبا بیان بازی سے اجتناب کیا جائے ۔ انتخابات منشور اور کارکردگی کی بنیاد پر لڑے جانے چاہیں۔ وفاقی وزراء اگرآزاد کشمیر آ کر جلسے جلوسوں میں ریاست کی سیاسی قیادت کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کریں گے تو اس سے مسائل پیدا ہوں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میں نے پانچ الیکشن لڑے لیکن انتخابی مہم میں مخالف امیدواروں کا نام تک استعمال نہیں کیا ۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے کسی الیکشن میں لڑائی جھگڑا ہوا نہ کوئی جانی نقصان ۔ امید کرتا ہوں کہ آزاد کشمیر کے تمام سیاستدان ماضی کی راویات کی پاسداری کریں گے ۔ اور انتخابات کو پر امن بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیر کونسل کے انچارج وزیر کا رویہ کسی بھی حوالے سے مناسب نہیں ہے ۔ منتخب ممبران کشمیر کونسل فنڈ روکنے کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔ وزیر موصوف نے صدر ریاست اور وزیراعظم کے منظور شدہ فنڈز بھی روک رکھے ہیں اور ان فنڈز کو بعض افراد کی انتخابی مہم کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ۔ جو سرا سر نا انصافی اور انتخابی عمل پر ا ثر انداز ہونے کی کوشش ہے چیف الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ ادارے اس عمل کا نوٹس لیں۔ بصورت دیگر آزاد کشمیر کے عوام مذید احتجاج کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے الیکشن نہیں جیتے جا سکتے ۔ وزیر موصوف بحیثیت گورنر گلگت بلتستان میں جو حربے استعمال کر چکے ہیں وہ یہاں بھی کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن آزاد کشمیر کے با شعور عوام ان کے منصوبے خاک میں ملا دیں گے ۔ اس موقع پر سپیکر آزاد کشمیر سردار غلام صادق نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں کسی قسم کی مداخلت کا مقبوضہ کشمیر میں غلط پیغام جائے گا۔ اور تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابات کو منصفانہ آزادانہ اور شفاف بنانے کے لیے اپنا کردار بطریق احسن ادا کرنا ہوگا۔
Scroll To Top