الیکشن میں اپنے مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کرنے والے وفاقی وزراء کو ان کی اوقات دکھا دیں گے:وزیر اعظم آزادکشمیر

Pm AJK Ch Majeed

مظفرآباد(بیورو رپورٹ)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ آزادکشمیر میں آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔الیکشن کمیشن کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے آزادکشمیر کے عوام کے حق رائے دہی کا بھرپور تحفظ کریں گے گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر میں انتخابی ڈرامہ رچانے نہیں دیں گے۔آزادکشمیر میں ن لیگ کو جھرلو ٹھپے کے ذریعے اقتدار دلانے کے وفاقی وزراء کے تمام عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ آزادکشمیر کے انتخابات میں اپنے مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کرنے والے وفاقی وزراء کو ان کی اوقات دکھا دیں گے۔ جمہوری سسٹم کے ماننے والے ہیں عوام ہماری طاقت ہے ۔2011کے انتخابی پارٹی منشور کے مطابق اسے عملی جامہ پہنایا آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کیا عوام کو برادریوں اور ضلعوں کے حصار سے نکالا آزادکشمیر کے عوام کی ترقی ومعاشی خوشحالی کے ذریعے میگا پراجیکٹس دیئے آزادکشمیر میں آمدہ انتخابات میں کلین سویپ کریں گے اور مصنوعی بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار کا خواب دیکھنے والوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہم عوام میں سے ہیں عوام کی فلاح وبہبود ہمارا ایجنڈا ہے ہم جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں۔آمدہ انتخابات جیت کر دوبارہ عوامی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام بڑے باشعور ہیں وہ عوامی استحصال کرنے والے پیشہ ور سیاستدانوں کے چہروں کو پہچانتے ہیں جن کے چہروں سے نقاب آہستہ آہستہ اترتے جارہے ہیں۔کرپشن کے بانی یہ پیشہ ور سوداگر پیپلزپارٹی کی حکومت پر الزامات لگا کر اپنی ڈوبتی سیاست کو نہیں بچا سکتے اور نہ ہی ہم انہیں عوامی فلاح وبہبود کے ایجنڈے میں رکاوٹ بننے دیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے کسی کو بھی ریاست کا تشخص پامال نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی آزادکشمیر کے انتخابات میں خرید وفروخت کی منڈیاں قائم کرنے دیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیریہاں ایوان وزیراعظم میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کررہے تھے وزیر مال علی شان سونی،وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد رشید،وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید،وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب،وزیراعظم کے میڈیا کنسلٹنٹ واحد اقبال بٹ ،پیپلزپارٹی میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر،راجہ سعد اقبال اور پارٹی کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔وزیراعظم آزاکشمیر نے کہاکہ وفاقی وزراء پیپلزپارٹی کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہوچکے ہیں انہیں اندازہ ہے کہ وہ انتخابی میدان میں پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔انہوں نے دھونس ودھاندلی کے ذریعے انتخابات ہائی جیک کرنے کے منصوبے بنا رکھے ہیں جنہیں ہم عوامی قوت سے ناکام بنا دیں گے ۔وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ ہم عوامی غیرت وحقوق کے محافظ ہیں عوام کی غیرت کو کبھی نیلام نہیں ہونے دیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی حکومت نے اقتدارمیں آتے ہی کشمیر ایشو کو ون پوائنٹ ایجنڈا قراردے کر آزادکشمیر کے آر پار کی قیادت کو ایک پلیٹ فارم مہیا کیا اور مفاہمت ورواداری کی سیاست کو فروغ دیا مفاہمت کی سیاست ہی تحریک آزادی کشمیر اور ریاستی عوام کی ترقی وخوشحالی کی ضامن ہے آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے آزادکشمیر کو تحریک آزادی کا حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بنایا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہمارے وجود کاحصہ ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے تاریخی لازوال قربانیاں دی ہیں لاکھوں شہداء نے لہو کا نذرانہ دیا ہم شہداء کے وارث ہیں ہم شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے مستقبل کے وزیراعظم ہیں وہ شہداء گڑھی خدا بخش کے مشن کی تکمیل کے لیے پارٹی پرچم لے کر نکلے ہیں اس پرچم کو سربلند رکھیں گے بلاول بھٹو کے آزادکشمیر کے انتخابی جلسے نے آزادکشمیر کی سیاست کا رخ بدل دیا ہے آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیربھٹو کے مشن کی تکمیل کرکے رہیں گے
Scroll To Top