PTIکی کاسمٹیک سیاست ہچکولے کھارہی ہے اور ن لیگ کی سیاست پانامہ لیکس کی نذر ہوگئی ہے:چوہدری مجید

Pm AJK Ch Majeed

مظفرآباد(کے این آئی)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی اس موقع پر سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین،وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی،وزیر زراعت وامورحیوانات سید بازل علی نقوی،وزیر سپورٹس اینڈ یوتھ وکلچرصدف شیخ،وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد، وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب،وزیر برقیات فیصل ممتاز راٹھور اور پیپلزپارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آمدہ انتخابات میں پیپلزپارٹی دوتہائی اکثریت حاصل کرکے دوبارہ حکومت بنائے گی پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کو مکمل عملی جامہ پہنائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ن لیگ کی سیاست پانامہ لیکس کی نذر ہوگئی ہے۔ آزادکشمیر کے عوام نے جہاں ن لیگ کی منفی سیاست کو مسترد کردیا ہے وہاں پی ٹی آئی کی کاسمٹیک سیاست بھی ہچکولے کھانے لگی ہے۔آزادکشمیر میں عوام کااستحصال کرنے والے اقتدار پرست عوامی عدالت میں رسوا ء ہوں گے۔پیپلزپارٹی حکومت نے خدمت خلق کے ایجنڈے پر عمل کرکے دکھایا۔آزادکشمیر کے عوام کی معاشی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے جس سے آج دور دراز پسماندہ پہاڑی علاقوں کے عوام بھی شہرجیسی سہولتیں حاصل کررہے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے آزادکشمیر سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کیا اور برادری ازم اور علاقائی از م کے بتوں کو توڑا۔ انسانیت کی فلاح وبہبود ہمار ایجنڈا ہے جس پر مشنری جذبے سے عمل پیرا ہیں۔انتخابات میں کلین سویپ کرکے اقتدار پرستوں کی ضمانتیں ضبط کروائیں گے اور آزادکشمیر میں دھونس ودھاندلی کے ذریعے ن لیگ کو اقتدار دلوانے کے تمام منصوبے ناکام بنائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام ہماری طاقت ہیں آزادکشمیر کے عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔آزادکشمیر میں وفاقی وزراء کی سیاسی یلغار روکیں گے اور خرید وفروخت کی منڈیاں بند کردیں گے کشمیر کونسل کرپٹ ادارہ ہے کشمیر کونسل کی جعلی سکیموں کے ذریعے کسی کو عوامی مینڈیٹ چھینے نہیں دیں گے۔اقتدار کا خواب دیکھنے والوں کے تمام ارمان ادھورے رہیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ اقتدار کے لیے ریاستی تشخص پامال کرنے والوں کے لیے ریاستی سرزمین تنگ کردیں گے کسی کوریاستی تشخص پامال نہیں کرنے دیں گے تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت ساری ریاست کی ترجمان حکومت ہے اور 84ہزار مربع میل پر مشتمل ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں کسی کو افرا تفری پیدا کرنے نہیں دیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے لاکھوں شہداء نے استحکام پاکستان کی اس تحریک میں اپنے لہو بہایا ہم شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لہو نے کشمیر ایشو کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے۔تحریک تکمیل پاکستان کا اب راستہ نہیں روکا جاسکتا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ وفاقی وزراء ہماری مفاہمتی سیاست کو کمزور سمجھ رہے ہیں انتخابات میں یہ غلط فہمی دور کردیں گے۔آزادکشمیر کو گلگت بلتستان سمجھنے والے غلطی پر ہیں یہاں کسی کو جھرلو ٹھپے کے ذریعے عوام کا حق رائے دہی چھینے نہیں دیں گے ریاستی عوام کی غیرت پر کسی صورت سودا نہیں کرنے دیں گے۔پاکستان پیپلزپارٹی نارووال کے صدر جبار سلہری سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مستقبل ہیں بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی لیڈر شپ کے ویژن اور منشور کی تکمیل کے لیے جو علم بلند کررکھا ہے آزادکشمیر کے عوام اس پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کے تاریخی خطاب اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جرات مندانہ موقف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ان کی جدوجہد کو نیا ولولہ ملا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ ن لیگ کی کرپٹ قیادت بلاول بھٹو زرداری کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے ۔بلاول بھٹو آزادکشمیر میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے آزادکشمیر میں بلاول بھٹو کی ریلیوں کے حوالے سے بڑا جوش وخروش پایا جارہا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ن لیگ نے مہاجرین کے حلقوں میں پری پول دھاندلی کے جو منصوبے بنا رکھے ہیں ان سب کو ناکام بنائیں گے ۔مہاجرین حلقوں کے انتخابات ہائی جیک کرنے کے وفاقی وزراء کے تمام عزائم ناکام بنائیں گے
Scroll To Top