مسلم کانفرنس کشمیریوں کی غیرت کی علامت ،انتخابات کو حقیقی چیلنج جان کر لڑیں گے:سردار عتیق

Sardar Atiq

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کارکن انتخابات کو حقیقی چیلنج جان کر لڑیں گے اور دنیا پر مسلم کانفرنس کا وجود اور سیاسی طاقت ثابت ہو جائے گی وہ گزشتہ روز حلقہ دو لچھراٹ اور حلقہ چھ کے دورہ کے1 روزہ دوران مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیریوں کی ملی غیرت اور عزت و وقار کی علامت ہے اس جماعت کو کمزور کر نا کشمیریوں کی عزت اور وقار کو ختم کر نے کے مترادف ہے یہی وجہ ہے کہ آج کشمیری عوام میں مسلم کانفرنس اور اس کے نظریے کی قدر و قیمت بڑھ رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کشمیر کونسل کے انتخابات بھی منظم حکمت عملی سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں کارکنوں کو خوش خبری دیں گے ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جائز مسائل کا مقدمہ اسلام آباد میں لڑنے کیلئے ریاست کی باوقار سیاسی قیادت کا آگے آنا ضروری ہے اور یہ قیادت صرف مسلم کانفرنس نے ہی ہر دور میں فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکن گھر گھر پھیل جائیں اور مسلم کانفرنس کا نظریہ عام کریں جو در حقیقت تکمیل پاکستان اور ریاست کے تشخص کا نظریہ ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی ،محترمہ مہر النساء ،دیوان علی خان چغتائی، ہٹیاں بالا کے صدر انصر پیر زادہ،نامزد امیدوار کشمیر کونسل مختار عباسی ، یوتھ ونگ کے سابق مرکزی چیف آرگنائزر سید یاسر نقوی، سجاد سلہریا،مختیار کاظمی، سجاد انور عباسی، آفتاب سلہریا، ظہیر مغل، راجہ بشیر خان ،جنرل سیکرٹری صابر مغل، اور کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس سے قبل جب وہ گڑھی دوپٹہ بڈھیارہ ،ہٹیاں اور مختلف مقامات پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔دریں اثناء صدر مسلم کانفرنس نے حلقہ چھ اور حلقہ دو میں مختلف شخصیات کے گھر جا کر اموات پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔
Scroll To Top