ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر میرپور ڈاکٹر ظہیر اقبال بابرکا منگلا انٹری پوائنٹ کا دورہ

منگلا :ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپور ڈاکٹر فدا حسین راجہ کی ہدایت پر ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر میرپور ڈاکٹر ظہیر اقبال بابر نے  منگلا انٹری پوائنٹ کا دورہ کیا۔   اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس ملک احسان احمد بھی موجود تھے۔
ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر میرپور ڈاکٹر ظہیر اقبال بابر نے ضلع میں ادویات سپلائی کرنے والی گاڑیوں کا معائنہ کیا نیز لائی گئی ادویات کی کوالٹی کا بغور جائزہ لیا گیا ۔ موسم گرما کے آغاز کے باعث ادویات کی سپلائی کرنے والی گاڑیوں کے ائیرکنڈیشنگ سسٹم کو بھی چیک کیا گیا۔
مزید برآں منگلا پُل پر موجود محکمہ صحت کے عملہ کی طرف سے بیرون مُلک سے آنے والے  تارکین وطن کی رجسٹریشن اور کورونا سیمپلنگ کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تارکین وطن کو چودہ روز خود کو قرنطینہ کرنے کی خصوصی ہدایت کی گئی۔
منگلا پُل پر قائم PTP پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے عمل کا مشاہدہ کیا گیا اور موقع پر موجود محکمہ صحت عامہ و پولیس کے عملہ کو ہدایت کی گئی کہ شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو چیک کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو PTP منگلا سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ یہ قطرے پینے سے رہ نہ پائے۔
بعد ازاں اُنہوں نے منگلا میں قائم مختلف میڈیکل سٹورز کا معائنہ بھی کیا اور اُنکو ادویات کا کاروبار جاری رکھنے کیلئے دفتر ہذا کی طرف سے جاری احکامات پر سختی سے عمل کرنے کے ہدایت کی گئی۔

Scroll To Top