موبائل کمپنیوں کی غیر معیاری سروس، پی ٹی اے کا اہم قدم

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیوکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل کمپنیوں کی غیر معیاری سروس کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے غیر معیاری سروسز کا نوٹس لیتے ہوئے موبائل کمپنیوں کو اپنا معیار بہتر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔پی ٹی اے نے کہا ہے کہ موبائل فون آپریٹرز سروس کے معیار کو بہتر بنائیں، اور کوالٹی آف سروس برقرار رکھی جائے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ مواصلاتی سروسز کے سلسلے میں عوامی شکایات اور سروے کے نتائج میں ناقص معیار سامنے آیا، ناقص معیار کی وجوہ میں نیٹ ورک میں توسیع نہ ہونا اور کوالٹی میں مسائل شامل ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز سے کہا گیا ہے کہ اپنی سروس میں بہتری کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور آپریٹرزگنجان آباد علاقوں میں مناسب کوریج کو یقینی بنائیں۔

یاد رہے کہ دو ہفتے قبل وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے خوش خبری سنائی تھی کہ پاکستان میں موبائل فون کی مینو فیکچرنگ شروع کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے ملک میں اب سستا فون دستیاب ہوگا۔

امین الحق کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک سال میں موبائل فون کی تعداد 16 کروڑ سے بڑھ کر 17 کروڑ ہوگئی ہے، ہمارا وژن ہے کہ پاکستان کی 22 کروڑ عوام کے پاس اسمارٹ موبائل فون ہو۔

Scroll To Top