وفاقی حکومت کا بجلی کی 4 اہم تقسیم کار کمپنیوں سے جان چھڑانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بھاری خسارے کی شکار 4 اہم بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سےجان چھڑانے کافیصلہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق چاروں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو دینے کے لیے معاملہ سی سی آئی لے جانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت نے حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیاں سندھ جب کہ پشاور اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنیاں خیبر پختونخوا حکومت کو دینے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس سلسلے میں پاور ڈویژن کو معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی چوری، ترسیل اور تقسیم کے نقصانات سنگین مسئلہ بن چکا ہے جب کہ بلوں کی عدم ادائیگی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سالانہ نقصانات 38.69 فیصد پر پہنچ چکے ہیں اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 16.19 فیصد ہیں جب کہ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سالانہ نقصانات 36.27 فیصد  اور حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 28.82 فیصد پر پہنچ گئے۔

Scroll To Top