رات گئے پاکستان بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کئی شہر تاحال بجلی سے محروم

ملک میں ہفتے کی درمیانی شب بجلی کے ایک بڑے بریک ڈاؤن کے بعد تمام چھوٹے بڑے شہر اور دیہات تاریکی میں ڈوب گئے اور کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر بجلی بحال نہیں ہو سکی ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق رات 11:41 بجے پر گدو میں فالٹ پیدا ہوا جس کی وجہ سے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ ہوئی اور ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکونسی 50 سے 0 پر آئی اور بریک ڈاؤن ہو گیا۔

اس بریک ڈاؤن کے بعد ملک کے بڑے بجلی گھروں جہلم، منگلا، تربیلا میں پاور پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا  میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔بریک ڈاؤن کی وجہ سے آزاد کشمیر بھی تاریکی میں ڈوب گیا۔حکام پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ تربیلا، منگلا اور وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس سے بجلی کی پیدوار کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد اسلام آباد سمیت دیگر مقامات پر بجلی کی بحالی شروع ہو گئی ہے۔

Scroll To Top