ہر شہری کیلئے 7 لاکھ 20 ہزار سالانہ ہیلتھ انشورنس، بڑی خوشخبری

لاہور: پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے پروگرام کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت یونیورسل ہیلتھ کوریج سے متعلق اجلاس ہوا، اس موقع پر وزیرصحت یاسمین راشد، چیف سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نے شرکت کی۔ اسی دوران پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

پنجاب میں اگلے سال کے آخر تک یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ہر شہری کو7لاکھ20 ہزار سالانہ ہیلتھ انشورنس ملے گی، پہلے مرحلے میں 2اضلاع میں ہیلتھ کوریج فراہم کی جائے گی، انصاف صحت کارڈ ہر شہری تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاج کی سہولت ہر شہری کا بنیادی حق اور حکومت کا فرض ہے۔بعد ازاں عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ 2021کے آخر تک تمام اضلاع میں ہیلتھ کوریج شروع ہوجائے گی، آئندہ ماہ پہلے 2 اضلاع سے آغاز کیا جائے گا۔
Scroll To Top