’خدارا کرونا کو سنجیدہ لیں‘ : سینئر ڈاکٹرز کا سیاستدانوں اور عوام سے بڑا مطالبہ

لاہور: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم سمیت سینئر ڈاکٹرز نے کرونا کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر سیاستدانوں سے جلسے جلوس نہ کرنے کا مطالبہ کردیا۔میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جاوید اکرم نے سیاستدانوں اور عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’خدارا کرونا کو سنجیدہ لیں کیونکہ اس کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے‘۔اُن کا کہنا تھا کہ ’کھلے فضا یا بند مقامات دونوں مقامات پر جمع ہونے کی صورت میں وبا پھیلتی ہے، کرونا کی ویکسین اب تک نہیں آئی بس ایک ہی حل احتیاط ہے، آئیں مل کر اس واحد حل پر عمل کرتے ہیں‘۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ ’کرونا وبا دوسری لہر میں تیزی سے پھیل رہی ہے، اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو بہت نقصان ہوگا، ہمارے اسپتالوں کا نظام بھی بیٹھ سکتا ہے‘۔جناح اسپتال کی ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر اور ایم ایس ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ ’بے احتیاطی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے پہلے کی نسبت کرونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں‘۔دونوں ڈاکٹرز نے سیاستدانوں سے مطالبہ کیا کہ خدارا! کرونا کی موجودہ صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سیاسی جلسے اور جلوس ملتوی کردیں۔

Scroll To Top