زبانی جمع نفی صرف وقتی ہے،عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں،انور غازی

میرپور (سٹاف رپورٹر)اداروں کی ساکھ کو بچانے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔زبانی جمع نفی کرنے سے وقتی تو کام ہو جاتے ہیں لیکن مستقل مزاجی نہیں رہتی۔ان خیالات کااظہار میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل انور محمود غازی نے سینئر صحافی اور عدالت نیوز کے اینکر چوہدری فیصل گلزار سے گفتگو کرتے ہوئے کیااس موقع پر نوجوان صحافی ساجد نذیر اور ظفر کھٹانہ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ اداروں کو چلانے کے لیے صرف ایک آدمی کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ تمام سٹاف اور اس سے وابستہ افراد کو اپنے اپنے حصہ کا کام کرنے کی ضرورت اور اچھی سوچ ہونا انتہائی ضروری ہے۔نو تعینات ڈائریکٹر جنرل میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی انور محمو د غازی کا کہنا تھا کہ ادارہ کے تمام معاملات اور کیسز کا ابھی جائزہ لیا جارہاہے فی الوقت کوئی ایسا اقدام یا پراجیکٹ شروع نہیں کر رہے جسے پایہ تکمیل تک نہ پہنچایا جا سکے۔ادارہ میں جہاں بے شمار حامیاں ہیں وہی نئے پراجیکٹس شروع کرنے کیلئے فنڈز کو بھی مد نظر رکھا جارہاہے۔نو تعینات ڈی جی ایم ڈی اے کا مزید کہنا تھا کہ انشاء اللہ جو ذمہ داریاں میرے کندھوں پر ڈالی گئی ہیں انہیں پورا کرنے کی بھرپور کوشش کرونگا اور ادارہ کی ساکھ کو بحال کرنے سمیت شہریوں کے حل طلب مسائل کو ترجیح بنیادوں پر یکسو کرنے کیلئے تمام وسائل اور عملی اقدامات کروں گا تاکہ شہریوں کا ادارہ پر اعتماد بحال ہو سکے۔

Scroll To Top