عوام کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت سے بھرپور تعاون کریں: مشتاق احمد منہاس

Mushtaq Minhasراولپنڈی (عدالت نیوز) مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات،سیاحت،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلیے حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔اپنے خصوصی بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگلے تین ہفتے تک آزادکشمیر میں لاک ڈاون رہے گا اس لئے عوام نہ صرف یہ کہ اپنی آمدورفت کو محدود رکھیں بلکہ گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں کیونکہ حکومتی اقدامات کا مقصد آپ کی صحت کی حفاظت ہے۔انہوں نے محکمہ صحت،پولیس، سروسز،داخلہ اور اطلاعات کے افسران و اہلکاران کو اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دینے کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں سب کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔انہوں نے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کی جانب سے اپنے فرائض کی انجام دہی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ فیلڈ میں کام کرنے کے دوران حفاظتی اقدامات کا خصوصی خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اپنے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے انتہائی ٹھوس اقدامات کئے ہیں اور وہ ہر تین گھنٹے بعد کرونا کے حوالے سے اپ ڈیٹ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سٹیٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس تواتر کے ساتھ ہو رہے ہیں جس کا مقصد اس وبائی مرض کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے محکمہ۔اطلاعات کے سوشل میڈیا سیل کی کارکردگی کو سراہتے ہوے مستقبل میں بھی اسے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

Scroll To Top