شاہ محمود قریشی کل امریکا کے دورے پر روانہ ہونگے

news-1537524776-6443

اسلام آباد( آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کےلئے کل امریکاروانہ ہوں گے۔ اس دوران وہ بھارتی ہم منصب ششما سوراج کے علاوہ ٹرمپ انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں سے بھی ملیں گے۔

شاہ محمود قریشی اپنے ایک ہفتہ طویل دورے کے دوران پاکستانیوں کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔پاکستانی وزیر خارجہ جنرل اسمبلی کے سیشن سے 29 ستمبرکو خطاب کریں گے، یہ سیشن تعطیلات کے علاوہ نو دنوں تک جاری رہے گا۔پاکستانی وزیرخارجہ کی امریکہ میں قیام کے دوران سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو سے واشنگٹن میں ملاقات بھی متوقع ہے۔ یہ ملاقات شاہ محمود قریشی اور ان کے امریکی ہم منصب کے درمیان رواں ماہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کا تسلسل ہو گا۔

امریکہ وزیر خارجہ کے دورہ اسلام آباد کے دوران دونوں ملکوں نے اپنے مسائل زدہ دوطرفہ تعلقات کو ازسرنو تشکیل دینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔بھارت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات پر آمادگی ظاہر کر رکھی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات سائیڈ لائن پرہوگی۔

Scroll To Top