صنعاء (این این آئی)جنگ زدہ ملک یمن میں ایک کمپیوٹر’’ سافٹ ویئر ‘‘ کے ذریعے ہیضہ کے مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپیوٹر سافٹ ویئر کے ذریعے کسی مخصوص علاقے میں ہونے والی بارش کے ذریعے امدادی کارکن ہیضے کی وبا پھیلنے کے خدشات کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ہیضے کے مرض کنٹرول ہونے کی اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آئیں ہیں جب اقوام متحدہ یمن میں ممکنہ طور پر ہیضے کی تیسری وبا پھیلنے کا خدشہ ظاہر کر چکا ہے۔یہ سافٹ ویئر برطانوی امدادی ادارے نے بنایا ۔ ادارے کی مشیر پروفیسر شارلیٹ واٹس کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کی مدد سے امدادی کارکن وبا پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہر سال ہزاروں افراد ہیضے کی وجہ سے مر جاتے ہیں اور اس سسٹم کی مدد سے شرحِ اموات کو کم کیا جا سکتا ہے،گذشتہ برس یمن میں گندے پانی سے لاحق ہونے والی بیماریوں کے سبب 10لاکھ سے زائد افراد بیمار ہوئے تھے جن میں سے 2 ہزار افراد مر گئے تھے۔ مرنے والوں میں زیادہ تر تعداد بچوں کی تھی۔