این اے 131 میں دوبارہ گنتی ہو گی یا نہیں؟ سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا

news-1533703999-4157

اسلام آباد ( آن لائن )این اے 131 میں سپریم کورٹ نے عمران خان کی دوبارہ گنتی کے خلاف درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے سعد رفیق کی درخواست منظور کرتے ہوئے دو بارہ گنتی کا حکم دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا اور لاہور ہائیکورٹ میں استدعا کی گئی کہ فیصلہ آنے تک گنتی روکی جائے جو کہ لاہور ہائیکورٹ نے مسترد کر دی تھی تاہم آج سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا دوبارہ گنتی کا فیصلہ معطل کر دیاہے ۔

خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تمام حلقے کھولنے کا کہا تھا ، جیت کامارجن 5فیصد سے کم ہوتودوبارہ گنتی ہوسکتی ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ این اے131کانتیجہ آچکاہے ،سیاسی تقاریرکاجائزہ سیاسی فورم پرلیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا کہناتھا کہ حلقے کی نمایندگی کو کیسے روک سکتے ہیں؟رزلٹ مرتب ہوچکا ہے ، آر او کے پاس دوبارہ گنتی کا اختیار ہے ،الیکشن کمیشن کا معاملہ ہے ہائیکورٹ کیسے مداخلت کرسکتی ہے۔

خواجہ سعد رفیق کے وکیل کا کہناتھا کہ عمران خان نے این اے 131 کی نشست برقرار رکھی تو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کریں گے ۔

عمران خان کو خواجہ سعد رفیق پر 680 ووٹوں کی برتری حاصل تھی لیکن مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد یہ برتری کم ہو کر 608 رہ گئی۔ جس پر خواجہ سعد رفیق نے مکمل ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی جسے آر او نے مسترد کر دیا تھا۔

Scroll To Top