ڈبل ووٹ کاخاتمہ کوئی جرم نہیں، موٹوگینگ اور چھوٹورام ملکر انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کریں:فاروق حیدر

Farooq Hedar

مظفرآباد(آئی این پی)سابق وزیراعظم ریاست جموں وکشمیر پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیرکے صدر قائد حزب اختلاف راجہ فاروق حیدرخان نے کہاہے کہ والدمحترم راجہ حیدرخان کے نقش قدم اورخاندانی روایت پرچلتے ہوئے عوام کی خدمت میرامشن ہے میرے خون اوردودھ میں دلیری جرات اورغیرت شامل ہے انشاء اللہ آزادکشمیرکوتحریک آزادی کا حقیقی معنوں میں بیس کیمپ بناکر انصاف کی بالادستی ٗ قانون کی حکمرانی اوریہاں بھائی چارے کی فضاء قائم کریں گے اللہ نے موقع دیا تومسلم لیگ نوازبرسراقتدارآتے ہی چارماہ کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے گی آزادکشمیرکے لوگوں کو صرف 29لوگوں کے سپرد نہیں کیاجاسکتا ٗ بلدیاتی انتخابات میں ہرسطح پر نوجوانوں کیلئے 25فیصد کوٹہ مختص کریں گے آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ نوازکاپرچم نوجوانوں کے ہاتھ میں ہوگا نظام کی تبدیلی کیلئے اورفرسودہ سفارشی کلچر ختم کرنے کے لئے نوجوانوں کو اپناکردار اداکرناہوگا ٗ راجہ فاروق حیدرخان گزشتہ روز حیدرمیموریل ایسوسی ایشن کے زیراہتمام راجہ حیدرخان کی برسی کے موقع پر ایک بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ جرات اوردیانت کامظاہرہ کیا ہمیں کرپشن اور بے غیرتی کا کوئی طعنہ نہیں دے سکتاجرات اورغیرت کی پہلے بھی بڑی قیمت اداکی ہے اورآئندہ بھی ہرقربانی دینے اور ہرقیمت اداکرنے کو تیارہوں ٗ دوماہ بعد انتخابات ہونا ہیں مظفرآباد ڈویژن کے عوام ساتوں سیٹوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوارروں کوکامیاب بناکر میرے ہاتھ مضبوط کریں اورمیرا سر فخر سے بلند کریں ٗ فاروق حیدرخان نے کہاکہ ہم کسی کے ذات کے خلاف نہیں ہیں اورنہ کسی سے کوئی عداوت ہے اپناپروگرام پیش کرناچاہتے ہیں ہم خطہ میں امن ٗ خوشحالی ٗ ترقی ٗ میرٹ بالادستی چاہتے ہیں سب سے بڑی خرابی قانون توڑ کر بددیانتی کرنا ہے ٗ قانون توڑنے والا وزیراعظم ہو ٗ وزیر ہوں یا کوئی اوراُس پر لعنت ۔ہم چاہتے ہیں کہ آزادکشمیرسے کرپشن اورسفارش کا خاتمہ ہو ٗ فاروق حیدر نے کہاکہ نوازشریف نے پاکستان میں خوشحالی کا پروگرام شروع کررکھاہے اس کوآزادکشمیر تک بڑھائیں گے ٗ کچھ لوگ یہ سوچتے ہیں کہ نوازشریف کی حکومت ختم ہوجائے گی ٗ ایسا ممکن نہیں نوازشریف صرف ووٹ سے جاسکتاہے اورانتخابات پاکستان کے اندر 2018ء میں ہوں گے اگرکسی نے ووٹ کے علاوہ کوئی راستہ نکالا توملک کے استحکام کو خطرات لاحق ہوں گے ٗ فاروق حیدر خان نے کہاکہ لوگوں کو اب تبدیلی کیلئے کرداراداکرناچاہئے اگرآزادکشمیرکے لوگ بددیانت ٹولہ کو لاناچاہتے ہیں تو ہم کیاکرسکتے ہیں ٗ لیکن یادرکھیں کہ اگر یہ ٹولہ دوبارہ مسلط ہوگیا تو پھر تباہی مقدرہوگی ہم محبت بانٹنا چاہتے ہیں ٗ کرپشن ختم کرنا چاہتے ہیں ٗ سفارشی کلچر مزید پروان چڑھا تو معاشرہ تباہ وبرباد ہوجائیگا ٗ تمام جماعتوں کے سیاسی کارکن ہماری جانب آئیں اور ہمارا ساتھ دیں سیاسی کارکن ٗ سیاسی نظام کی بنیاد ہیں نظریاتی کارکنوں کو فراموش نہیں کرسکتے ٗ انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے آزادکشمیرکے انتخابات میں کسی کو سپورٹ کرنے کی کوئی ہدایت کی ہے نہ ہماری خواہش ہے نہ ہی کوئی پاکستان سے الیکشن پر اثرانداز ہوگا ٗ انتخابات شفاف ہوں گے ٗ کچھ دن پہلے موجودہ وزیراعظم اور دوسابق وزرائے اعظم نے انتخابی فہرستوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام ہوئے اور پھر چیف الیکشن کمشنر کے اقدامات پر اعتماد کااظہاربھی کرلیا ٗ بوگس ووٹ خارج کرنا ایسے لوگ جو وفات پاگئے ان کے ووٹ ختم کرنا اور ڈبل ووٹ کاخاتمہ کوئی جرم نہیں ٗ مہاجرین نشستوں پر فراڈ کیاجارہاتھا اُس کابھی خاتمہ کیا ٗ فاروق حیدر نے کہاکہ موٹوگینگ اور چھوٹورام ملکر انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کریں ٗتصدیق ضروری ہے ٗ چیف الیکشن کمشنر سے کہتاہوں کہ وہ تصدیق کی شق جو قانون کاحصہ ہے ختم نہ کریں ٗ چیف الیکشن کمشنر سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلاکر ضابطہ اخلاق جاری کریں ٗ میڈیا احتیاط سے کام لے ایسی رپورٹنگ کی جائے جس سے پرامن فضاء اور اخوت قائم رہے ٗ فاروق حیدرخان نے کہاکہ سفارشی کلچر کونیست ونابود کرنا چاہتاہوں اللہ کو حاضرناظر جان کرکہتاہوں اقتدارکی خواہش نہیں میں وزیراعظم رہ چکاہوں عوام نے جوعزت واحترام اورمحبت دے رکھی ہے یہ جھنڈی سے کہیں زیادہ ہے ٗ صرف نظام ٹھیک کرنے کیلئے اختیارچاہئے اوراس اختیارکیلئے عوام میرے ساتھ تعاون کریں ٗانہوں نے کہاکہ اس وقت کشمیری عوام مقبوضہ وادی میں پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ٗ فاروق حیدرخان نے پاکستان کے الیکٹرانک میڈیا پرسخت تنقیص کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کاالیکٹرانک میڈیا کشمیرکونظراندازکررکھاہے اگریہ سلسلہ جاری رہا تو ان کی نشریات آزادکشمیرمیں چلنے دیں گے انہوں نے کہاکہ میں اخبارات کاشکرگزارہوں کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اہمیت دے رہے ہیں اورکشمیریوں کی قربانیوں کواجاگرکررہے ہیں ٗ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک میڈیا کے مالکان بتائیں ان کاقبلہ کس طرف ہے فاروق حیدرخان نے کہاکہ بارشوں سے وسیع پیمانے پر تباہی آئی ہے کڑلی متاثرین سے متعلق وفاق سے بات ہوچکی ٗ ڈنہ لینڈسلائیڈنگ کے متاثرین کی بھی وفاقی سطح پر امداد ہوگی انہوں نے برسی کی تقریب کے انعقاد پر حیدرمیموریل ایسوسی ایشن کے صدر راجہ ممتازخان جنرل سیکرٹری راجہ اخترحسین اوراُن کی ٹیم کا شکریہ اداکیا ۔

 

Scroll To Top