ضلع میرپور میں مردم شماری اور خانہ شماری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

army

میرپور (چوہدری فیصل گلزار سے)ضلع میرپور میں مردم شماری اور خانہ شماری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ۔ پاک آرمی کے برگیڈئیر محمد فیصل اور کمشنر میرپور ڈویژن نے ڈی سی ہاؤس کے باہر خانہ شماری کے سلسلہ میں باقاعدہ نمبر لگا کر ضلع میرپور میں افتتاح کیا ۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر انصر یعقوب ، ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ فاروق اکرم ، ایس پی مرزا زاہد ، پاک آرمی کے لیفٹنٹ کرنل محمد عثمان ، اسسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب ، افسرمال راجہ م ایاز احمد خان ، شماریات کے افسرصولت بٹ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز محمد جاوید ملک ، سردار محمد اکمل سمیت میڈیا نمائندگان ، سول و آرمی شمار کنندگان بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر کمشنر سردار ظفر محمود خان نے عدالت نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے عوام الناس سے کہا ہے کہ مردم شماری اور خانہ شماری قومی فریضہ ہے اس کی اہمیت اور افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے لوگ اپنی درست معلومات دیں اور مردم شماری کے عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں ۔ انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں خانہ شماری ہو گی جس کے تحت تمام گھر وں کو گنا اور ان پر نمبر لگائے جائیں گے اس مقصد کے لیے جملہ شمار کنندگان کو ٹریننگ کرکے ڈیوٹی پر مامور کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں مردم شماری کی جائے گی جس میں ضلع بھر کے افراد کو گنا جائے گاانھوں نے کہا کہ گھرانے کے افراد گھرانے کے سربراہ کے شناختی کارڈ کی کاپی ہمراہ رکھیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایسے افراد جن کی ڈویژن میرپور، دیگر اضلاع یا صوبوں میں پہلے مردم شماری ہو چکی ہے وہ دوبارہ مردم شماری کے عمل میں شریک نہ ہوں چونکہ مردم شماری کا تمام ڈیٹا کمپیوٹر ائز ڈ ہو گا اور دوبارہ گننے والوں کا ڈیٹا تیار کرنے میں مشکلات آئے گی اس لیے ہمیں قومی ذمہ داری کو احسن طریقہ سے نبھاتے ہوئے جملہ معلومات درست دینا ہو گی ۔تاکہ قومی سطح پر مردم شماری کے تمام درست اور صیح اعداد و شمار مرتب ہو سکیں ۔ اس موقع پر پاک آرمی کے برگیڈ ئیر محمد فیصل نے عدالت نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر پاک آرمی مردم شماری کے دوران انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں اس مقصد کے لیے ضلع میرپور میں 600 آرمی کے جوان تعینات کر دئیے گے ہیں جو مختلف سطح پر کام کریں گے ۔ شمار کنندگان کی سیکورٹی میں پاک آرمی سول ایڈ منسٹریشن کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہی ہے اور آرمی کی ہر ممکن سپورٹ حاصل ہو گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ ڈویژن میرپور میں مردم شماری کے دوران کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ہے تاہم اس کے باوجود ہم نے سول انتظامیہ کے اشتراک سے فول پروف انتظام کیے ہیں سماج دشمن عناصر پر نظر رکھنے کے لیے پاک آرمی کی پٹرولنگ بھی ساتھ ساتھ ہو گی انھوں نے لوگوں سے کہا کہ مردم شماری اور خانہ شماری کے دوران انتظامیہ پولیس اور پاک آرمی کی ٹیموں سے نہ گھبرائیں یہ عمل مردم شماری اور خانہ شماری کو شفاف بنانے کے لیے جاری ہے جس سے مردم شماری کے مقاصد پورے ہو سکیں ۔
Scroll To Top