حکومت بچت پالیسی پر عمل پیرا ہے،4ماہ میں 3ارب بچائے ہیں،سی پیک کو آزادکشمیر کا حصہ بنائیں گے:وزیر برقیات

raja nisar

میرپور(نامہ نگار)آزادکشمیر کے وزیربرقیات، قانون وپارلیمانی امور راجہ نثار احمد خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں اہل افراد کی ایڈجسٹمنٹ کر رہے ہیں تاہم ترقیاتی اداروں میں سرکاری افسران تعینات ہونگے۔ محکمہ برقیات میں چیف انجینئرز کی دو نئی آسامیاں تخلیق کر رہے ہیں جو گرڈ اسٹیشنز کیلئے علیحدہ سے کام کریں گے، آزادکشمیر میں بجلی سپلائی کا اپنا نظام وضع کر کے ریاست میں بجلی کی تقسیم اور لوڈشیڈنگ کے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کریں گے۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا دورہ مظفرآباد اہم سنگ میل ثابت ہوگا، میاں محمد نواز شریف ریاست کیلئے اہم فیصلے اور اعلانات کریں گے، حکومت نے چار ماہ میں بچت پالیسی پر عمل کرتے ہوئے 3 ارب روپے بچائے، مختصر کابینہ اور صوابدیدی عہدوں میں کمی کر کے حکومت اخراجات کو کم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے تاکہ بچت سے حاصل ہونے والی رقم عوام کی فلاح وبہبود پر لگا سکیں۔ ماضی کی حکومت نے چادر دیکھ کر پاؤں نہیں پھیلائے جسکی وجہ سے ریاست میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا، ہماری حکومت نے مالی بحران پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جس کے نتائج بہت جلد قوم کے سامنے آئیں گے۔ ریاست کو خودانحصاری کی جانب لیکر جانا چاہتے ہیں تاکہ مستقبل میں بھی کوئی مالی بحران سر نہ اٹھا سکے۔ منگلا ڈیم ، نیلم جہلم پراجیکٹ سمیت دیگر ہائیڈرل پراجیکٹس کی رائیلٹی، واٹر یوز چارجز اور ٹیکسوں کے حوالہ سے ہماری حکومت نے قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف سے بات کی ہے اور انہوں نے ہمارے موقف کی نہ صرف تائید کی بلکہ مسائل کے حل کی ذمہ داری بھی لی جو میاں محمد نواز شریف کی کشمیری عوام سے محبت کی درخشاں مثال ہے۔ آزادکشمیر میں آبادی کے تناسب سے پہلے ہی سرکاری ملازمین کی تعداد بہت زیادہ ہے، پرائیویٹ سیکٹرکو فعال بنا کر روزگار کے مواقع پیدا کریں گے تاکہ بے روزگاری کا بھی خاتمہ ہو اور ریاستی خزانے پر بھی بوجھ کم ہو سکے۔ ہائیڈرل منصوبوں میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالہ سے بھی میاں محمد نواز شریف کشمیری عوام کو خوش خبری دیں گے۔سی پیک کو آزادکشمیر کا حصہ بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریسٹ ہاؤ س میں مختلف عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیر حکومت راجہ نثار احمد خان نے کہا کہ ماضی کو کوسنے کے بجائے مستقبل کی بہتری کی کوششیں کر رہے ہیں ، آزادکشمیر کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس کے بعد عوام کا حق بنتاہے کہ ہماری حکومت عوام کا معیار زندگی بلند کرے ، ریاست کو خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے حکومت پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان اورحکومت عوامی خدمت ، گڈ گورنس، میرٹ کی بالادستی اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے ممبران اسمبلی قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف اور راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت پر متحد ہیں ، اختلافات اور دیگر افواہیں یار لوگوں کے خواب ہیں جو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں 350 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے ، اگلے برس فروری سے آزادکشمیر میں 147 میگاواٹ پترینڈ پاور پراجیکٹ مکمل ہو جائے گا جو مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن کو بجلی فراہم کرے گا جبکہ میرپور ڈویژن کی بجلی کی ضروریات منگلا ڈیم سے پوری ہو رہی ہیں، بجلی سپلائی سسٹم وضع کر کے آزادکشمیر میں بجلی کی مساوی تقسیم اور لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ہائیڈرل سیکٹر میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں،ہائیڈرل کے جاریہ منصوبو ں سے جہاں ایک طرف ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات ملے گی وہیں ریاست کو بھی بے پناہ فوائد حاصل ہونگے۔
Scroll To Top