حویلی کہوٹہ میں شہری عبدالسلام ڈار پر ظالمانہ تشدد کی ویڈیومنظر عام پر آ تے ہی چیف سیکرٹری کا نوٹس،ملزمان کیخلاف کارروائی کا حکم

aaa

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزادکشمیر کے علاقے حویلی کہوٹہ میں شہری عبدالسلام ڈار پر ظالمانہ تشدد کی ویڈیومنظر عام پر آگئی۔قومی میڈیا پر خبر سامنے لائے جانے پر چیف سیکرٹری نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس کو انکوائیری کی ہدایت کردیں۔ڈپٹی کمشنر حویلی نے ایس پی کے ساتھ ملکر تحقیقات کا آغاز کردیا،جلد بڑے پیمانے پر مزید گرفتاریاں متوقع ، ویڈیو میں حویلی سے منتخب وزیر تعمیرات عامہ چوہدری عزیز کے سپورٹرز شہری پر تشدد کرتے ہوئے اسے الیکشن کے دوران امیدوار اسمبلی پر قاتلانہ حملے کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر حکومت چوہدری عزیز نے تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ سابق وزیر فیصل راٹھور اور امیدوار اسمبلی خواجہ طارق سعید نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خونی لیگ کا کارنامہ قراردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے عام الیکشن میں دور افتادہ علاقے حویلی کے علاقے میں تشدد اور قتل عام کے متعدد واقعات سامنے آنے کے بعدخورشید آباد کے علاقے کاچر بن میں تشدد کی ایک نئی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں حویلی سے منتخب وزیر حکومت چوہدری عزیز کے حامی ایک شہری عبداسلام ڈار پر تشدد کر رہے ہیں۔ مار پیٹ کرنے والے سپورٹرز ،، شہری عبدالسلام پر زور ڈال رہے ہیں کہ وہ عام الیکشن میں چوہدری عزیز پر قاتلانہ حملہ کرنے والوں میں شامل تھا اوربضد ہیں کہ وہ دیگر حملہ آوروں کی تفصیلات بتائے۔ تشدد کی ویڈیو قومی ٹیلی ویثرن دنیا نیوز پر نشر ہونے کے بعد جہاں عوامی حلقوں میں شدید غم وغصے کا اظہار کیا گیا وہیں چیف سیکرٹری آزادکشمیر سکندر سلطان راجہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس آزادکشمیر بشیر میمن کو ہدایت کی کہ تشدد کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتارکیا جائے ۔ عبدالسلام ڈار نے میڈیاکو بتایا کہ چند دن قبل چوہدری عزیز کے سپورٹرز نے اسے فیملی کے ہمراہ روکا اوربری طرح تشدد کا نشانہ بنایا ،، تھانے میں رپورٹ درج کرانے کے باوجو ملزمان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر حویلی چوہدری کاشف کا کہنا ہے کہ واقعے کی رپورٹ پہلے ہی درج ہو چکی ہے،دو ملزم عدالت سے ضمانت پر رہا ہیں، واقعے کے مندرجات پر ایس پی کے ساتھ ملکرواقعے کی مزید انکوائیری کر کے دیگر ملزمان کے خلاف جلد کاروائی کریں گے۔
Scroll To Top