پاکستان شملہ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرے ،2017میں ملین مارچ کر کے سیز فائر لائن توڑیں گے:بیرسٹر سلطان

berrister sultan

اسلام آباد( کے این آئی)مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم و بربریت کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں اسلام آباد میں سینکڑوں کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ ۔ اس موقع مظاہرین بھارتی غاصبو کشمیر سے نکل جاؤ، لے کے رہیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی، کشمیری کشمیریوں کا ہے ً جیسے فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے او ر انہیں نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔اس مظاہرہے کا اہتمام پی ٹی آئی کشمیر ویمن ونگ اسلام آبادنے کیا تھا جبکہ اس میں آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھی اس میں بھرپور شرکت کی۔اس موقع پربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج یہاں 5 دسمبر کو اسلام آباد میں مظاہرہ اسلئے کررہے ہیں کیونکہ آج سری نگر کے لال چوک میں آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھی مظاہرے کی کال دے رکھی ہے۔ ہم نے آج آل پارٹیز حریت کانفرنس اور مقبوضہ کشمیر کے حریت پسندوں سے اظہاریکجہتی کے لئے آج اس مظاہرہ کا انعقاد کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر معذرت خواہانہ رویہ ترک کرے اور کشمیری عوام کی کھل کر حمایت کرے۔ جو کچھ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے ساتھ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں ہوا اس کے بعد پاکستان کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ پاکستان شملہ معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرے کیونکہ شملہ معاہدہ اب اپنی افادیت کھو چکا ہے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اگلے سال ملین مارچ میں سیز فائر لائن توڑیں گے جس طرح کہ 1989 ء میں جرمنوں نے دیوار برلن کو توڑ ڈالا تھا اس وقت بھی امریکی اور سویت یونین کی فوجیں وہاں پر موجود تھیں اور تاریخ گواہ ہے کہ جب عوام چاہیں تو پھر کوئی انکا راستہ نہیں روک سکتا۔ اب یہ صحیح وقت ہے کہ دونوں اطراف کے کشمیری نظریاتی و سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر اس خونی لکیر کو ختم کر دیں ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے کشمیر یوں کے ایک بہت بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آل پرٹیز حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے میر طارق مسعود نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ ہیں بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت سے تحریک آزادی کو نہیں دبا سکتا مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔اس موقع پر حریت کانفرنس کے سید یوسف نسیم نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم انکے ساتھ ہیں اور ہماری جدوجہد آزادی تک جاری رہے گی۔اس مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کشمیر اسلام آباد کی صدر خولہ خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور مظاہرے کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں اپنے مشن کو پورا کریں گے۔اس موقع پر مظاہرے سے پی ٹی آئی کشمیر کے سینئر نائب صدرخواجہ فاروق احمد،پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سردار امتیاز خان،پی ٹی آئی کشمیر کی ویمن ونگ کی صدر گلزار فاطمہ،پی ٹی آئی کشمیر کے اسلام آباد کی صدر خولہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔****
Scroll To Top