راستہ صاف ہو گیا ہے اور ہم اپنی منزل کے قریب آگئے ہیں ؛چیرمین حریت کانفرنس میرواعظ عمرفاروق

Meer waiz

سری نگر(یو این پی) کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے چیرمین میرواعظ عمرفاروق نے کہا کہ موجودہ جدوجہد نے ہماری تحریک کو آگے بڑھانے کیلئے امکانات اور دائرہ کارکو واضح کر دیا ہے ۔راستہ صاف ہو گیا ہے اور ہم اپنی منزل کے قریب آگئے ہیں اور یہ بات ثابت کی جاچکی ہے کہ طاقت اور تشدد سے اب کشمیریوں کی آواز کو دبانا ہرگز ممکن نہیں ہے۔تقریبا 5ماہ تک سب جیل میں یا خانہ نظر بند رہنے کے بعد میر واعظ عمر فاروق کی نقل و حرکت پر کل پابندیاں ہٹائی گئیں۔ جامع مسجد میں ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک کی کامیابی میں جہاں مزاحمتی قیادت نے ہر سطح پر بھر پور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا وہاں آزادی پسند قوم نے ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں قتل و غارت ، ظلم و بربریت اور جبر و استبداد کے باوجود سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مزاحمتی قیادت کے پروگراموں کو کامیاب بنایا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تحریک آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے مزاحمتی پروگراموں کو کامیاب بنائیں۔ جناب میرواعظ نے یہ بات واضح کی کہ رواں جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کیلئے ایک قلیل المدتی تحریک سے طویل المدتی تحریک کیلئے پروگرام اور مظاہروں کے طریقہ کار کو مرتب کرنا ہے اور مزاحمتی قیادت اس تبدیلی کیلئے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے اور اس کیلئے قیادت کام کررہی ہے اور عملا اس ضمن میں موزوں اور مثبت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ میرواعظ نے خاص طور پر نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کی ذمہ داریاں اب انہیں کے کندھوں پر ہے اورتحریک کو یکسوئی کے ساتھ آگے لے جانے کیلئے تنظیمی سطح پر بھی آزادی پسند نوجوانوں کو تحریکی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔انکا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کا مقابلہ ایک ایسے طاقتور حریف کے ساتھ ہے جو تمام تر وسائل کا استعمال کرکے طاقت ،ظلم ،تشدد ، افرادی وسائل، دس لاکھ سرکاری فورسز ، کالے قوانین، افسپا، PSA کے بل پر ہمارے حق و انصاف کی جدوجہد کو دبانے کے درپے ہے لیکن کشمیری عوام نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران اپنی بے پناہ قربانیوں، عزم و استقلال اور استقامت سے نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا پر یہ ثابت کردیا کہ وہ اپنے حق و انصاف پر مبنی حق خودارادیت کی جدوجہد سے ہرگز دستبردار ہونے والے نہیں ہیں ۔میرواعظ نے حکومت پاکستان اور وہاں کے عوام کا اس بات کیلئے شکریہ ادا کیا جو روز اول سے ہمارے حق و انصاف پر مبنی تحریک حق و خودارادیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ہر ممکن طور پرکررہے ہیں اور ہماری سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ میرواعظ نے امریکی نو منتخب صدر جناب ڈونالڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کو انتہائی خوش آئند قرار دیا جس میں موصوف نے جنوب ایشیائی خطہ میں درپیش مسائل بشمول مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی خدمات پیش کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
Scroll To Top