وزیر اعظم پاکستان نے LOCمتاثرین کیلئے 10کروڑ،51لاکھ روپے مالی امداد کی منظوری دے دی

ajk-raja-farooq-haider-nawaz-sharif

مظفرآباد ( پی آئی ڈی )وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے(39)شہداء کے لیے ( 03)کروڑ( 90)لاکھ روپے ، شدید زخمی ؍معذو ر ہونے والے( 128)افراد کیلئے (02)کروڑ(56)لاکھ روپے ، گولہ باری سے مکمل طور پر تباہ ہونے والے(04)مکانوں کے مالکان کیلئے (40)لاکھ روپے اور جزوی طور متاثر ہونے والے( 73)مکانوں کے مالکان کیلئے( 03)کروڑ(65)لاکھ روپے ، کل رقم (10)کروڑ( 51)لاکھ روپے کی مالی امداد کی منظوری دیتے ہوئے مطلوبہ رقم حکومت آزاد کشمیر کے حوالے کر دی ہے ۔ حکومت پاکستان کی جانب سے اضافی ملنے والی اس مالی امداد سے (39)شہداء کے ورثاء کو فی کس (10)لاکھ روپے ، شدید زخمی ؍ معذور ہونے والے( 128)زخمیوں کو فی کس( 02)لاکھ روپے اور مکمل طور پر تباہ ہونے والے( 04)مکانات کے مالکان کو فی کس( 10)لاکھ روپے ، جزوی طور پر تباہ ہونے والے (73)مکانوں کے مالکان کو فی کس( 05)لاکھ روپے مالی امداد دی جائیگی۔ یہ مالی امداد اس مالی امداد کے علاوہ ہوگی جو قبل ازیں حکومت آزاد کشمیر متاثرین کو دے رہی ہے ۔ یاد رہے کہ حکومت آزاد کشمیر پہلے ہی بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس( 03)لاکھ روپے ، شدید زخمی ؍ معذور ہونے والوں کو فی کس( 01)لاکھ (50)ہزار روپے اور مکمل طور پر معذور ہونے والوں کو فی کس( 02)لاکھ ، پختہ مکان کے نقصان کے مالک کو فی کس( 01)لاکھ روپے ،جزوی طور پر متاثرہونے والے مکان کے مالک کو(60)ہزار روپے کی مالی امداد دے رہی ہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کے متاثرین کیلئے خصوصی مالی امداد دینے پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیاہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کشمیریوں سے خصوصی محبت اور لگاؤ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز سے اٹھانے کے علاوہ ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کی مدد کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم و بربریت کی کاروائیوں کے بعد اب لائن آف کنٹرول پر بھی نہتے عوام کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ یہ ظلم و جبر زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ بھارتی سرکار کو بہر صورت مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگاورنہ خطہ کی سلامتی اور بھارت کی سا لمیت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔ وہ بھارتی عزائم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں ۔ پاکستان کی سا لمیت کشمیریوں کو اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر کی خوشحالی و ترقی کیلئے خود دلچسپی لے رہے ہیں اس کیلئے میں حکومت آزاد کشمیر اور کشمیری عوام کی طرف سے ان کا شکرگزار ہوں ۔
Scroll To Top