سماہنی سیکٹر کے سرحدی علاقوں پر بھارتی فوج کی بلاشتعال شدید ترین گولہ باری ،ایک خاتون زخمی ،کئی مویشی ہلاک ،سویلین آبادی کے قریب گولے گرنے سے لوگوں کے گھر اور قیمتی املاک تباہ ،پاک فوج کی طرف سے موثر جوابی کاروائی

LOC

بنڈی چوکی (نمائندہ عدالت)لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹر کے سرحدی علاقوں بڑوھ ،ڈھلی ،چاہی ،ڈل کھمباہ ،سہالہ، بندلی پر بھارتی فوج کی بلاشتعال شدید ترین گولہ باری ،ایک خاتون زخمی ،کئی مویشی ہلاک ،سویلین آبادی کے قریب گولے گرنے سے لوگوں کے گھر اور قیمتی املاک تباہ ،پاک فوج کی طرف سے موثر جوابی کاروائی ۔آخری خبروں تک گولہ باری کا سلسلہ جاری لوگ گھروں میں مقید ہوکر رہ گئے ،گولہ باری کی آوازوں سے دن بھر تحصیل سماہنی کی فضا گونجتی رہی ،تفصیل کے مطابق ہفتہ کے روز صبح سویرے لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹر کے سرحدی علاقوں پر بھارتی فوج نے اچانک بلااشتعال گولہ باری شروع کر دی گولہ باری کا سلسلہ چاہی ، بڑوھ سے ہوتا ہوا ڈھلی ،ڈل کھمباہ ،تندڑ ،بندلی اور سہالہ کے علاقوں تک جا پہنچا ،شدید ترین گولہ باری سے علاقہ بھر کی فضا دھماکوں کی آواز سے گونجتی رہی ،اکثر گولے سویلین آبادی کے نزدیک ،لوگوں کے گھروں اور اردگرد پڑے بڑوھ نالہ میں مکان کے صحن میں گولہ گرنے سے ایک خاتون تعظیم اختر زوجہ عرفان الہٰی شدید زخمی ہو گئی گولہ باری کے دوران بڑوھ ڈھلی کے رہائشی اسحاق گجر کی تین بھینسیں ہلاک ہو گئیں جبکہ دیگر علاقوں سے بھی متعدد مویشیوں کے ہلاک ہونے و لوگوں کی قیمتی املاک ،گھروں کے تباہ ہونے کی اطلاعات ملی ہیں پاک افواج کی طرف سے بھارتی گولہ باری کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا گیا ،آخری اطلاعات تک گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا
Scroll To Top