لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹرکے دیہات بنڈالہ ،چاہی ،سماہنی ،بڑوھ ،کوٹلی گوجراں ،ڈل کھمباہ ،مہلہ ودیگر پر ایک بار پھر بھارتی فوج کی بلااشتعال اندھا دھند گولہ باری ،2 افراد شدید زخمی

ceasefirem

بنڈی چوکی (نمائندہ عدالت) لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹرکے دیہات بنڈالہ ،چاہی ،سماہنی ،بڑوھ ،کوٹلی گوجراں ،ڈل کھمباہ ،مہلہ ودیگر پر ایک بار پھر بھارتی فوج کی بلااشتعال اندھا دھند گولہ باری ،مارٹر گن اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال ،مکان کی چھت اور صحن میں گولہ گرنے سے2 افراد شدید زخمی ،ایک مکان کی چھت تباہ ،ایک بھینس زخمی ،جمعہ کے روز علی الصبح شروع ہونے والی گولہ باری سے لوگ گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے ،طلبا وطالبات تعلیمی اداروں میں نہ پہنچ سکے بھارتی فوج کی جانب سے ہزاروں کی تعداد میں مارٹر گولے فائر کئے گئے ،فائر کئے گئے گولے سویلین آبادی میں آگرے ،لوگ گھروں کے اندر بند ہونے کی وجہ سے محفوظ رہے ،اندھادھند گولہ باری سے بنڈالہ گڑھا تہال کے رہائشی نذر حسین ولد اللہ دتہ شدید زخمی ہو گئے ،جبکہ کوٹلی گوجراں کے رہائشی غلام غوث کے مکان کی چھت پر گولہ گرنے سے ان کا بیٹا محمد وسیم شدید زخمی ہو گیا ،زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی اور بعد ازاں بھمبر ریفر کر دیا گیا ہے ،گولہ باری سے سرائے سعد آباد کے نزدیک جھامرہ گاؤں میں گلزا ر بیگم نامی خاتون کے مکان کی چھت پر گولہ گرنے سے چھت تباہ ہوگئی جبکہ بنڈالہ کے رہائشی عبدالغنی ولد اللہ دتہ کی بھینس بھی شدید زخمی ہو گئی ،بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری سے سرحدی دیہات میں نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو گیا ہے دریں اثنا پاک فوج کی طرف سے بھارتی فوج کی گولہ باری کا بھرپور اور موثر جواب دیا گیا ،لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کی وجہ سے تحصیل انتظامیہ الرٹ رہی جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے آخری اطلاعات کے مطابق مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی گولہ باری وقفے وقفے سے جاری تھی ۔

 

Scroll To Top